امریکا کا ایرانی پاسداران انقلاب کے ساتھ براہِ راست رابطہ قائم کرنے پر اتفاق
واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کا کہنا ہے کہ امریکا نے کشیدگی کم کرنے کے لیے ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے ساتھ ایک براہِ راست رابطہ چینل قائم کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
برطانوی ویب سائٹ کو دیے گئے ایک انٹرویو کے دوران جے ڈی وینس نے بتایا کہ اس انتظام کے تحت ایرانی اور امریکی فوجی حکام دوحہ میں ملاقاتیں کریں گے جہاں وہ باہمی تنازعات کو حل کرنے کی کوشش کریں گے۔
جے ڈی وینس نے کہا کہ ایرانی حکام نے بتایا کہ ہم پاسداران انقلاب کا ایک نمائندہ دوحہ بھیج دیتے ہیں، جو امریکی سینٹرل کمانڈ کے ایک اہلکار کے ساتھ بیٹھ کر معاملات طے کرے گا اور اسی طرح ہم بہت سے تنازعات حل کریں گے۔
جے ڈی وینس نے مزید بتایا کہ متحدہ عرب امارات نے بھی ایران کے ساتھ ایسے رابطے قائم کیے ہیں، جو اس سے پہلے موجود نہیں تھے، جن میں پاسدارانِ انقلاب کے ساتھ براہِ راست بات چیت بھی شامل ہے، متحدہ عرب امارات ایرانی حکام کے ساتھ ایسے مذاکرات کر رہا ہے جو پہلے کبھی نہیں ہوئے۔