نوجوانوں کو منشیات کے ناسور سے بچانا ترجیح ہے: شہباز شریف
اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے منشیات کے استعمال اور غیر قانونی سمگلنگ کے خلاف عالمی دن 26 جون 2026 کے موقع پر اپنا پیغام جاری کر دیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان اقوام عالم کے ساتھ مل کر منشیات کے استعمال اور غیر قانونی سمگلنگ کے خلاف مشترکہ عزم کا اعادہ کرتا ہے اور اس معاشرتی برائی کے خاتمے کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گا۔
شہباز شریف نے کہا کہ یہ دن منشیات کے استعمال اور غیر قانونی سمگلنگ سے پیدا ہونے والے انسانی، معاشی اور معاشرتی نقصانات کو اجاگر کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ رواں سال کا موضوع ’’دیرینہ مسائل، نئے چیلنجز اور منشیات سے پاک مستقبل کے لیے اختراعی اقدامات‘‘ عالمی سطح پر اس مسئلے کی سنگینی اور اس کے نئے پہلوؤں کی جانب توجہ مبذول کراتا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان منشیات کی مختلف اقسام، ان کی غیر قانونی ترسیل اور نوجوان نسل تک رسائی جیسے خطرات کا مقابلہ کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت قومی استعداد کار میں اضافے، ادارہ جاتی ہم آہنگی اور بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ تعاون کو مزید وسعت دے رہی ہے تاکہ منشیات کے غیر قانونی نیٹ ورکس کا مکمل خاتمہ ممکن بنایا جا سکے۔
وزیراعظم نے کہا کہ نوجوان نسل کو منشیات کے عیب سے محفوظ رکھنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور منشیات سے پاک تعلیمی اداروں کا قیام اس مقصد کے حصول کے لیے انتہائی اہم قدم ہے۔
شہباز شریف نے انسدادِ منشیات فورس (اے این ایف) کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ادارہ منشیات سمگلنگ کی روک تھام، طلب میں کمی، عوامی آگاہی اور متاثرہ افراد کے علاج و بحالی کے لیے مؤثر اقدامات کر رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ قانون کے مؤثر نفاذ، روک تھام اور بحالی کے اقدامات پر بیک وقت توجہ حکومت کی جامع حکمت عملی کا مظہر ہے۔
وزیراعظم نے انسدادِ منشیات فورس کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وطن کے تحفظ کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے بہادر اہلکاروں کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی اور پوری قوم ان پر فخر کرتی ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ حکومت پاکستان صوبائی حکومتوں کے تعاون سے تعلیمی اداروں میں آگاہی اور بچاؤ کے پروگراموں کو وسعت دے رہی ہے، جبکہ علاج اور بحالی کی سہولیات کو بھی بہتر بنایا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس کے ساتھ ساتھ منشیات کی سمگلنگ کے خلاف انٹیلی جنس کے تبادلے، مشترکہ کارروائیوں اور علاقائی تعاون کے ذریعے بین الاقوامی شراکت داری کو مزید مضبوط بنایا جا رہا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے والدین، اساتذہ، تعلیمی اداروں، سماجی رہنماؤں، ذرائع ابلاغ اور نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ منشیات کے خلاف قومی جدوجہد میں اپنا فعال کردار ادا کریں، کیونکہ آگاہی، روک تھام اور صحت مند معاشرے کی تشکیل ہم سب کی مشترکہ قومی ذمہ داری ہے۔