بلوچستان میں امن کیلئے عوام، انتظامیہ اور سکیورٹی فورسز کا تعاون ناگزیر: سرفراز بگٹی

کوئٹہ :(دنیا نیوز) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں امن کیلئے عوام، انتظامیہ اور سکیورٹی فورسز کا تعاون ناگزیر ہے۔

 آواران میں میر سرفراز احمد بگٹی کی زیر صدارت قبائلی جرگہ منعقد ہوا، جس میں گورنر بلوچستان جعفر مندوخیل، کمانڈر 12 کور لیفٹیننٹ جنرل راحت نسیم احمد خان، رکن صوبائی اسمبلی خیر جان بلوچ، قبائلی و سیاسی عمائدین، سماجی شخصیات، خواتین، طلبہ اور مقامی افراد نے شرکت کی۔

جرگے سے خطاب کرتے ہوئے اُنہوں نے علاقے میں امن، استحکام اور ترقی کے فروغ میں قبائلی عمائدین اور عوام کے مثبت کردار کو سراہتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف جدوجہد میں عوام اور سکیورٹی فورسز کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔

وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں پائیدار امن عوام، سول انتظامیہ اور سکیورٹی فورسز کے باہمی تعاون سے ہی ممکن ہے۔

میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ صوبائی حکومت آواران سمیت پورے مکران ڈویژن کی تعمیر و ترقی کے لیے خصوصی اقدامات کر رہی ہے اور مختلف ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ بی ایس ڈی آئی کے تحت جاری منصوبوں سے علاقے میں نمایاں بہتری آئی ہے جب کہ آواران کے عوام امن پسند، باشعور اور ترقی پسند ہیں، جنہوں نے ہمیشہ علاقے کی ترقی اور استحکام میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

جرگے میں رکن صوبائی اسمبلی خیر جان بلوچ اور دیگر شرکاء نے علاقے میں امن و امان کے قیام اور جاری ترقیاتی منصوبوں پر حکومت اور سکیورٹی فورسز کی کاوشوں کو سراہا۔

اس موقع پر سیاسی و قبائلی عمائدین نے قومی یکجہتی اور علاقائی ترقی کے لیے ریاستی اداروں کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں