اسلام آباد میں 80 کروڑ کا سمگل شدہ سامان تلف، کریک ڈاؤن جاری
اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان کسٹمز نے اسلام آباد میں 80 کروڑ روپے مالیت کی ضبط شدہ سمگل شدہ ممنوعہ اشیاء قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد تلف کر دیں۔
پاکستان کسٹمز کے مطابق اسلام آباد ڈرائی پورٹ پر شراب، موبائل فون، سگریٹ اور دیگر سمگل شدہ سامان کو ضابطے کے مطابق تلف کیا گیا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ سمگلنگ کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل درآمد جاری ہے، کیونکہ سمگلنگ قومی معیشت، مقامی صنعت اور قانونی کاروبار کے لیے سنگین خطرہ ہے۔
پاکستان کسٹمز نے واضح کیا کہ سمگلنگ کے منظم نیٹ ورکس کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی، غیر قانونی تجارت میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ترجمان کے مطابق انٹیلی جنس پر مبنی انسدادِ سمگلنگ کارروائیوں میں مزید تیزی لائی جا رہی ہے اور سرحدی نگرانی کے ساتھ انفورسمنٹ نظام کو بھی مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے۔
پاکستان کسٹمز نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ قومی خزانے کے تحفظ اور ہر قسم کی سمگلنگ کے خاتمے کے لیے مؤثر اور بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔