آسٹریلیا نے ویسٹ انڈیز کو ہراکر ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ کے فائنل میں جگہ بنالی

لندن: (ویب ڈیسک) آئی سی سی ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ کے پہلے سیمی فائنل میں آسٹریلیا نے ویسٹ انڈیز کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے۔

لندن کے اوول گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں ویسٹ انڈیز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 125 رنز بنائے۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے کپتان ہیلی میتھیوز 30، ڈیانڈرا ڈوٹن 26 ناٹ آؤٹ، شی مین کیمبل 22 اور کیانا جوزف 16 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں۔

آسٹریلیا کی جانب سے ایشلے گارڈنر اور سوفی مولینوکس نے 2، 2 جبکہ جارجیا ویئرہم نے بھی 2 وکٹیں حاصل کیں۔

126 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا نے صرف 13 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر مطلوبہ اسکور حاصل کرلیا۔

بیتھ مونی نے شاندار ناقابل شکست 61 رنز بنائے، جبکہ ایشلے گارڈنر نے 35 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح دلائی، جارجیا وول 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوئیں، جبکہ ایلیس پیری انجری کے باعث ریٹائرڈ ہرٹ ہوگئیں۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے چینیل ہینری اور ہیلی میتھیوز نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

آسٹریلیا کی آل راؤنڈر ایشلے گارڈنر کو 35 ناٹ آؤٹ رنز بنانے اور 2 وکٹیں لینے پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں