چیک باؤنس کیس: بالی ووڈ اداکار راجپال یادیو مصیبت میں پھنس گئے
دہلی: (ویب ڈیسک) چیک باؤنس کیس میں بالی ووڈ اداکار و کامیڈین راجپال یادیو نئی مصیبت میں پھنس گئے۔
دہلی ہائی کورٹ نے چیک باؤنس کیس میں بالی ووڈ اداکار و کامیڈین راجپال یادیو کو تین ماہ قید کی سزا برقرار رکھتے ہوئے اپیل دائر کرنے کے لیے دو ماہ کی مہلت دے دی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق عدالت نے ساتوں مقدمات میں تین، تین ماہ قید کی سزا سنائی، تاہم یہ تمام سزائیں بیک وقت چلیں گی، عدالت نے راجپال یادیو کو ہر مقدمے میں شکایت کنندہ کو ایک کروڑ پانچ لاکھ روپے بطور ہرجانہ ادا کرنے کا بھی حکم دیا۔
عدالت نے راجپال یادیو کو شکایت کنندہ کو مزید ایک کروڑ چار لاکھ روپے اور ریاست کو 25 ہزار روپے ادا کرنے کی ہدایت کی، ان کی اہلیہ رادھا یادیو کو بھی ہر مقدمے میں شکایت کنندہ کو 5 لاکھ 51 ہزار روپے ادا کرنے کا حکم دیا گیا۔
فیصلے کے مطابق راجپال یادیو کی جانب سے پہلے سے ادا کیے گئے 2 کروڑ 25 لاکھ روپے مجموعی واجب الادا رقم میں ایڈجسٹ کیے جائیں گے۔
عدالت نے مقدمے کے دوران ان کے طرز عمل کی بنیاد پر پروبیشن کا فائدہ دینے سے انکار کرتے ہوئے ٹرائل کورٹ کی جانب سے عائد جرمانہ ادا کرنے کی ہدایت بھی کی۔ عدم ادائیگی کی صورت میں انہیں مزید چھ ماہ قید کی سزا بھگتنا ہوگی۔
واضح رہے کہ راجپال یادیو نے 2010 میں اپنی فلم "آٹا پٹا لاپٹا" کی مالی معاونت کے لیے ایک ادارے سے 5 کروڑ روپے قرض لیا تھا۔
فلم کی ناکامی کے بعد مالی تنازع پیدا ہوا اور 2018 میں ٹرائل کورٹ نے انہیں چیک باؤنس کیس میں قصوروار قرار دیتے ہوئے چھ ماہ قید کی سزا سنائی تھی۔