مزدوروں کے قاتل رعایت کے مستحق نہیں، سخت کارروائی ہوگی: وزیراعلیٰ بلوچستان
کوئٹہ:(دنیا نیوز) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ نہتے مزدوروں کے قاتل کسی رعایت کے مستحق نہیں، سخت کارروائی ہوگی۔
واشک کے علاقے ماشکیل میں نہتے اور بے گناہ مزدوروں کے بہیمانہ قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ شہید ہونے والے صرف پنجابی مزدور نہیں بلکہ پاکستان کے شہری، محنت کش اور ہمارے اپنے بھائی تھے۔
اُنہوں نے کہا کہ معصوم شہریوں پر حملہ کسی ایک صوبے یا قومیت پر نہیں بلکہ پاکستان کی وحدت، آئین اور ریاست پر حملہ ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ آزادی کی نام نہاد تحریک کا لبادہ اوڑھنے والے دہشت گرد نہتے مزدوروں کو نشانہ بنا کر اپنے مکروہ عزائم دنیا کے سامنے بے نقاب کر چکے ہیں۔
سرفراز بگٹی نے کہا کہ دہشت گردوں کا مقصد کسی حق کی جدوجہد نہیں بلکہ دہشت، نفرت، خونریزی اور پاکستان کو غیر مستحکم کرنا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ ریاست دشمن عناصر اور ان کے سہولت کاروں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا اور پاکستانی شہریوں کے خون کے ہر قطرے کا حساب لیا جائے گا۔