شہباز شریف اور نوازشریف کی امیر قطر سے ملاقات، سابق امیر قطر کے انتقال پر تعزیت

دوحہ: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف اور سابق وزیراعظم نوازشریف نے امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی سے ملاقات کر کے سابق امیر قطر شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی کے انتقال پر تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔

وزیراعظم شہبازشریف نے مرحوم شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی کی دوراندیش قیادت، مدبرانہ کردار اور قطر کی ترقی کے لیے ان کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت میں قطر ایک جدید، مستحکم اور خوشحال ریاست کے طور پر ابھرا۔

وزیراعظم نے کہا کہ مرحوم شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی کی خطے کے امن، استحکام اور ترقی کے لیے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، انہوں نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں پاکستان کی حکومت اور عوام قطر کی قیادت اور عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔

وزیراعظم شہبازشریف، نوازشریف اور پاکستانی وفد نے مرحوم سابق امیر قطر کی مغفرت اور درجات کی بلندی کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی۔

وفد میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ بھی شامل تھے۔

اس موقع پر امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی نے تعزیت کے لیے دوحہ آمد پر وزیراعظم شہبازشریف اور پاکستانی وفد کا شکریہ ادا کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...