ورلڈ کرکٹرز ایسوسی ایشن کا ون ڈے ورلڈ کپ کے نئے فارمیٹ کے فیصلے پر تحفظات کا اظہار

لاہور: (ویب ڈیسک) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے اعلان کئے گئے ون ڈے ورلڈ کپ 2027 کے نئے فارمیٹ کے فیصلے پر ورلڈ کرکٹرز ایسوسی ایشن نے تحفظات کا اظہار کر دیا۔

ورلڈ کرکٹرز ایسوسی ایشن (ڈبلیو سی اے) کا کہنا ہے کہ 2021 میں 14 ٹیموں کو 2 گروپس میں براہِ راست کھیلانے کا اعلان کیا گیا تھا مگر اب فارمیٹ تبدیل کر دیا گیا ہے۔

آئی سی سی کے نئے فارمیٹ کے تحت کم رینکنگ رکھنے والی تین کوالیفائیڈ ٹیمیں پہلے ابتدائی مرحلہ کھیلیں گی پھر سپر مرحلے میں رسائی حاصل کریں گی۔

ورلڈ کرکٹرز ایسوسی ایشن نے وضاحت دی ہے کہ نئے فارمیٹ سے کوالیفائی کرنے والی ابھرتی ہوئی ٹیموں کے لیے ورلڈ کپ میں حقیقی مواقع محدود ہو جائیں گے، سالوں کی منصوبہ بندی، سرمایہ کاری اور کوالیفکیشن کے بعد ورلڈ کپ کا ڈھانچہ تبدیل کرنا غیر مناسب ہے۔

ورلڈ کرکٹرز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ آئی سی سی نے اتنے اہم فیصلے سے قبل کھلاڑیوں اور دیگر سٹیک ہولڈرز سے بامعنی مشاورت نہیں کی۔

ڈبلیو سی اے کے چیف ٹام موفٹ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ عالمی ایونٹس کے فارمیٹ میں تبدیلی شفاف انداز، واضح مؤقف اور مشاورت کے بعد ہونی چاہیے۔

ورلڈ کرکٹرز ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ کرکٹ کے عالمی فروغ کا دعویٰ اور ابھرتی ہوئی ٹیموں کے مواقع کم کرنے کے فیصلے میں تضاد ہے۔

ادھر نیدرلینڈز کے کپتان سکاٹ ایڈورڈز نے کہا ہے کہ ایسوسی ایٹ ٹیموں کو بڑی ٹیموں کے خلاف کھیلنے کے مواقع ہی ان کی ترقی اور کرکٹ کے فروغ کا ذریعہ ہیں۔

دوسری جانب آئرلینڈ کے کپتان پال اسٹرلنگ کا کہنا ہے کہ ایسوسی ایٹ اور چھوٹی ٹیمیں عالمی ایونٹس کا معیار بڑھاتی ہیں، کرکٹ کو بھی فٹبال کی طرح زیادہ مواقع دینے چاہیے۔

سکاٹ لینڈ کے رچی بیرنگٹن نے کہا ہے کہ کھلاڑی ہر فیصلہ نہیں کرنا چاہتے لیکن کیریئر پر اثر انداز ہونے والے فیصلوں میں ان کی رائے ضرور لی جانی چاہیے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...