پاکستان اور بلوچستان لازم و ملزوم، ریاست مخالف سازشیں ناکام بنائیں گے: سرفراز بگٹی
کوئٹہ: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ پاکستان اور بلوچستان لازم و ملزوم ہیں، ریاست مخالف سازشیں ناکام بنائیں گے۔
آئی ایس پی آر سمر کیمپ میں 18 شہروں سے آئے 9 ویں سے 12 ویں جماعت کے 4 ہزار سے زائد طلبا و طالبات سے خصوصی نشست سے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے خصوصی خطاب کیا۔
سرفراز بگٹی نے کہا کہ دہشت گردوں نے بلوچستان کے غیور عوام کو ریاست کا ساتھ دینے پر بے دردی سے شہید کیا، تاہم دہشت گردی اور تشدد کو کسی صورت جائز قرار نہیں دیا جا سکتا۔
انہوں نے کہا کہ منگی ڈیم کو اس لیے نشانہ بنایا گیا کیونکہ یہ بلوچستان میں پانی کی فراہمی کا ایک اہم منصوبہ ہے جبکہ پولیس پر حملے کے بعد مدد کے لیے پہنچنے والی فورس کو بھی نشانہ بنایا گیا۔
میر سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ اس واقعے کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن قائم کر دیا گیا ہے اور تمام حقائق قوم کے سامنے لائے جائیں گے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ کوئٹہ دھرنے کے دوران بعض سیاسی رہنماؤں نے ریاست کے خلاف گمراہ کن پراپیگنڈا کیا، تاہم پاکستان کے خلاف جاری منظم سازش کو پاک فوج اور بلوچ عوام مل کر ناکام بنائیں گے۔
.jpg)
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ پاکستان نے فیلڈ مارشل کی قیادت میں بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دیا، معرکہ حق میں پوری قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی رہی۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کی ایما پر کام کرنے والے دہشت گرد اپنے سرپرستوں کا انجام دیکھ چکے ہیں، افغانستان کی سرزمین پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال ہو رہی ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک قومی ریاست ہے جو ہمیشہ قائم رہے گی، پاکستان اور بلوچستان لازم و ملزوم ہیں اور ملک کا مستقبل روشن ہے جہاں ہر شہری بلاخوف و خطر آزادی سے زندگی گزار سکے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments