محسن نقوی کی ایرانی ہم منصب سے ملاقات، سکیورٹی تعاون بڑھانے پر اتفاق

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ایران کے وزیر داخلہ سکندر مومنی نے اسلام آباد میں وزارت داخلہ کا دورہ کیا، جہاں وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے ان کا پرتپاک خیرمقدم کیا، فیڈرل کانسٹیبلری کے چاق و چوبند دستے نے ایرانی وزیر داخلہ کو سلامی پیش کی۔

اس موقع پر ایرانی وفد کے اراکین کا وزیر داخلہ محسن نقوی جبکہ پاکستانی وزارت داخلہ کے ذیلی اداروں کے سربراہان کا ایرانی وزیر داخلہ سے تعارف کرایا۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے ایرانی وزیر داخلہ سکندر مومنی کی ملاقات ہوئی، جس کے بعد وفود کی سطح پر بھی مذاکرات کیے گئے، دونوں وزرائے داخلہ نے دوطرفہ تعلقات اور باہمی تجارت کو مزید مستحکم بنانے کا عزم کیا، جبکہ علاقائی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں انسداد دہشت گردی اور انسداد منشیات کے شعبوں میں باہمی تعاون بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا، دونوں ممالک نے غیر قانونی امیگریشن اور انسانی سمگلنگ کی روک تھام کے لیے تعاون کو مزید فروغ دینے پر بھی اتفاق کیا۔

علاوہ ازیں، افغان سرحد کے ذریعے دہشت گردی اور منشیات کی سمگلنگ کی روک تھام کے لیے مشترکہ مؤقف اپنانے کی ضرورت پر زور دیا گیا، جبکہ دوطرفہ تعاون کو مزید مؤثر بنانے کے لیے دونوں ممالک کے درمیان کوآرڈینیشن بہتر بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

اس موقع پر محسن نقوی نے کہا ہے کہ پاکستان ایران کے ساتھ تمام شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے تیار ہے، ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی اور ایرانی وزیر داخلہ سکندر مومنی نے امن کیلئے غیر معمولی کام کیا، امید ہے اب بھی اچھی خبر جلد سامنے آئے گی اور امن قائم ہو گا۔

ایرانی وفد میں گورنر جنرل سیستان بلوچستان، نائب وزیر داخلہ، نائب وزیر اربن ڈویلپمنٹ ٹرانسپورٹ، نیشنل ایرانی آئل کمپنی کے سربراہ، وزیر زراعت کے خصوصی نمائندے اور دیگر اعلیٰ حکام شامل تھے۔

وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری، وفاقی سیکرٹری داخلہ، چیئرمین نادرا، ڈی جی ایف آئی اے، ڈی جی اینٹی نارکوٹکس فورس، آئی جی فیڈرل کانسٹیبلری، ڈی جی این سی سی آئی اے، ڈی جی امیگریشن اینڈ پاسپورٹس،چیئرمین سی ڈی اے، آئی جی اسلام آباد پولیس اور ایڈیشنل سیکرٹریز داخلہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...