فہد شیخ کی سید محمد احمد سے بدسلوکی کی تردید، معافی مانگ لی
کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستانی شوبز انڈسٹری کے اداکار فہد شیخ نے سینئر اداکار سید محمد احمد کے ساتھ مبینہ بدسلوکی اور ہراسانی کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا۔
فہد شیخ نے فوٹوز اینڈ ویڈیوز شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر متعدد سٹوریز میں اپنا مؤقف پیش کرتے ہوئے کہا کہ ادھورا سچ ہمیشہ خطرناک ہوتا ہے اور ایک مخصوص تاثر قائم کرنے کے لیے ان کی ویڈیو کو غلط انداز میں پیش کیا جا رہا ہے۔
یہ معاملہ اس وقت زیر بحث آیا جب سید محمد احمد نے ایک حالیہ پوڈکاسٹ میں شوٹنگ کے دوران عمر میں کم ایک اداکار کی جانب سے تذلیل کا ذکر کیا، اگرچہ انہوں نے کسی کا نام نہیں لیا، تاہم سوشل میڈیا پر ہونے والی قیاس آرائیوں میں فہد شیخ کا نام سامنے آیا، جس کے بعد متعلقہ ویڈیو بھی وائرل ہوگئی۔
فہد شیخ نے اپنے بیان میں کہا کہ شوٹنگ سیٹ پر فنکار ایک خاندان کی طرح ہوتے ہیں، جہاں وہ ایک دوسرے کے ساتھ وقت گزارتے، خوشیاں اور مشکلات بانٹتے ہیں، جس واقعے کو بدتمیزی یا ہراسانی قرار دیا جا رہا ہے، حقیقت میں معاملہ ایسا نہیں تھا۔
اداکار کا کہنا تھا کہ یہ سید محمد احمد کے ساتھ ان کا پہلا منصوبہ نہیں تھا بلکہ وہ ماضی میں بھی متعدد ڈراموں میں ایک ساتھ کام کر چکے ہیں اور دونوں کے درمیان ہمیشہ خوشگوار تعلقات رہے ہیں، انہیں معلوم نہیں کہ وہ مذاق، جس کا آغاز خود احمد صاحب نے کیا تھا، کس مقام پر انہیں ناگوار محسوس ہونے لگا، کیونکہ کسی کی دل آزاری ان کا مقصد نہیں تھا۔
فہد شیخ نے انکشاف کیا کہ تنازع سامنے آنے سے قبل ہی وہ سید محمد احمد سے ذاتی طور پر معذرت کر چکے تھے، اگر ان کی نجی معذرت کافی نہیں تھی تو وہ عوامی سطح پر بھی معافی مانگتے ہیں، وہ اپنے بزرگوں کا ہمیشہ احترام کرتے ہیں اور ان کی بے عزتی کا تصور بھی نہیں کر سکتے۔
اداکار نے یہ بھی اعلان کیا کہ ان افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی جا رہی ہے جنہوں نے مبینہ طور پر ویڈیو کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پھیلا کر عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کی۔
دوسری جانب سید محمد احمد نے بھی انسٹاگرام پر جاری بیان میں شوبز انڈسٹری سے وابستہ ساتھی فنکاروں کی جانب سے ملنے والی حمایت پر اظہار تشکر کیا، ساتھیوں کے پیغامات، فون کالز اور وائس نوٹس نے انہیں بے حد متاثر کیا اور اس مشکل وقت میں ان کی حمایت نے حوصلہ بڑھایا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments