آزاد کشمیر انتخابات: ضلع گھوٹکی میں انتخابی سامان پولنگ عملے کے حوالے، ترسیل مکمل
گھوٹکی:(دنیا نیوز) آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے سلسلے میں ضلع گھوٹکی میں انتخابی سامان پولنگ عملے کے حوالے کر دیا گیا ہے جب کہ سامان کی ترسیل کا عمل بھی کامیابی سے مکمل کر لیا گیا ہے۔
ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر عبدالماجد کے مطابق ضلع بھر میں انتخابی تیاریاں مکمل ہیں اور 2 اگست کو پولنگ صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گی۔
انہوں نے بتایا کہ ضلع میں گھوٹکی، میرپور ماتھیلو اور ڈہرکی میں مجموعی طور پر تین پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں، جہاں تمام انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔
ضلع میں مجموعی طور پر 89 ووٹرز حقِ رائے دہی استعمال کریں گے، جن میں گھوٹکی کے 4، میرپور ماتھیلو کے 22 اور ڈہرکی کے 63 ووٹرز شامل ہیں۔
انتخابی حکام کے مطابق انتخابی سامان کی بروقت ترسیل کے ساتھ سکیورٹی اور لاجسٹک انتظامات بھی مکمل کر لیے گئے ہیں اور پولنگ کے پرامن انعقاد کے لیے سیکیورٹی پلان کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔
پولنگ عملہ اپنے مقررہ پولنگ سٹیشنوں کے لیے روانہ ہو چکا ہے جب کہ ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ شفاف، منظم اور پرامن پولنگ کے انعقاد کے لیے تمام ضروری اقدامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments