عمانی ساحل کے قریب ایک آئل ٹینکر پر نامعلوم سمت سے حملہ

لندن: (دنیا نیوز) برطانیہ کی بحری آمدورفت کی نگرانی کرنے والی تنظیم یو کے میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ’عمان کے شہر لیما سے تقریباً 20 کلومیٹر شمال مشرق میں ایک آئل ٹینکر کو نامعلوم سمت سے ایک پروجیکٹائل سے نشانہ بنایا گیا ہے۔

جہاز کی مالک کمپنی کے سکیورٹی افسر کے مطابق حملے میں ٹینکر کے انجن روم کو نقصان پہنچا ہے جس کے بعد جہاز اپنی سمت برقرار رکھنے اور سفر جاری رکھنے کے قابل نہیں رہا۔

حکام کے مطابق علاقے کی کوسٹ گارڈ کو واقعہ سے آگاہ کر دیا گیا ہے اور حملے کی تحقیقات جاری ہیں، اب تک کسی جانی نقصان یا سمندر میں آئل ٹینکر سے تیل کے رساؤ کی اطلاع نہیں ملی۔

یو کے میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز نے اس علاقے سے گزرنے والے تمام جہازوں کو احتیاط برتنے اور کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی فوری اطلاع دینے کی ہدایت کی ہے۔

یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا ہے جب ایران اور عمان کے اطراف سمندری کشیدگی میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے، حالیہ ہفتوں کے دوران خلیجِ عمان اور آبنائے ہرمز کے قریب متعدد تجارتی جہازوں پر حملے کیے جا چکے ہیں۔

دوسری جانب ایران نے آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت پر پابندیاں عائد کر رکھی ہیں، جبکہ امریکا نے خطے میں اپنے بحری دستے تعینات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا مقصد جہاز رانی کی آزادی کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔

تاحال یہ واضح نہیں ہو سکا کہ آئل ٹینکر پر حملے کس نے کیا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...