جولائی: دہشتگردی میں اضافہ،401 شرپسند ہلاک، 112 سکیورٹی اہلکار شہید ہوئے: رپورٹ

اسلام آباد:(دنیا نیوز) پاکستان انسٹی ٹیوٹ فار کانفلکٹ اینڈ سکیورٹی سٹڈیز (پکس) نے جولائی 2026 کی ماہانہ سکیورٹی رپورٹ جاری کر دی۔

 رپورٹ کے مطابق ملک میں دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا جب کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سکیورٹی فورسز کے آپریشنز میں بھی نمایاں تیزی دیکھی گئی۔

اِسی طرح جولائی کے دوران 112 سکیورٹی اہلکاروں نے جام شہادت نوش کیا جو جنوری 2023 کے بعد ایک ماہ میں اہلکاروں کی سب سے زیادہ شہادتیں ہیں، اس کے علاوہ جنوری 2023 میں 114 اہلکار شہید ہوئے تھے۔

پکس کا کہنا تھا کہ جولائی میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کے دوران 401 دہشت گرد مارے گئے جو گزشتہ ایک دہائی کے دوران ایک ماہ میں ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی سب سے بڑی تعداد ہے، جون کے مقابلے میں جولائی کے دوران دہشت گردوں کی ہلاکتوں میں 109 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ جولائی کے دوران 74 شہری اور امن کمیٹیوں کے 19 ارکان بھی جان کی بازی ہار گئے جب کہ شہری اموات میں جون کے مقابلے میں 21 فیصد اضافہ ہوا، اسی عرصے میں ایک دہائی کے دوران سب سے زیادہ 8 خودکش حملے بھی ریکارڈ کیے گئے۔

دوسری جانب صوبائی صورتِ حال کے مطابق بلوچستان میں جولائی کے دوران 62 سکیورٹی اہلکار اور 54 شہری شہید ہوئے جب کہ خیبر پختونخوا کے ضم اضلاع کے علاوہ دیگر علاقوں میں 38 سکیورٹی اہلکار شہید ہوئے، ضم شدہ اضلاع میں 79 سکیورٹی اہلکاروں نے جام شہادت نوش کیا۔

رپورٹ میں لکھا گیا 2026 کے پہلے سات ماہ کے دوران سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں 1,857 شدت پسند ہلاک ہوئے جب کہ اسی عرصے میں 434 سکیورٹی اہلکار، 463 شہری اور امن کمیٹیوں کے 32 ارکان شہید ہوئے۔

پکس کا مزید کہنا تھا کہ دہشت گردی کے بڑھتے خطرات کے باوجود سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں شدت کے ساتھ جاری ہیں جن کے نتیجے میں بڑی تعداد میں شدت پسندوں کا خاتمہ کیا گیا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...