آزاد کشمیر انتخابات: مظفرآباد ڈویژن کی 9 نشستوں پر 208 امیدوار مدقابل

مظفرآباد: (دنیا نیوز) آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں مظفرآباد ڈویژن کے 9 انتخابی حلقوں میں پولنگ 2 اگست کو ہوگی۔

مظفرآباد ڈویژن کے 9 انتخابی حلقوں میں مسلم لیگ ن آزادکشمیر، پیپلز پارٹی آزادکشمیر، استحکام پاکستان پارٹی سمیت 25 سیاسی جماعتوں اور آزاد امیدواروں کے مجموعی 208 امیدوار مد مقابل ہیں۔

حلقہ ایل اے 27 مظفرآباد 1 سے 26، ایل اے 28 مظفرآباد 2 سے 24، ایل اے 29 مظفرآباد 3 سے 34، ایل اے 30 مظفرآباد 4 سے 15 جبکہ ایل اے 31 مظفرآباد 5 سے 25 امیدوار انتخابی میدان میں ہیں۔

آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات میں مظفرآباد ڈویژن کے 9 انتخابی حلقوں سے 8 لاکھ 9 ہزار 621 مرد و خواتین ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔

ضلع نیلم کی 2 نشستوں کے لیے 1 لاکھ 51 ہزار 911، ضلع جہلم ویلی کی 2 نشستوں پر 1 لاکھ 77 ہزار 500 جبکہ ضلع مظفرآباد کی 5 نشستوں پر 4 لاکھ 80 ہزار 219 ووٹرز ووٹ ڈالیں گے۔

ضلع مظفرآباد میں مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی، استحکام پاکستان پارٹی سمیت 25 سیاسی جماعتوں اور آزاد امیدواروں کے مجموعی 124 امیدوار مد مقابل ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق ڈویژن بھر میں 1483 پولنگ سٹیشن اور 2219 پولنگ بوتھ قائم کیے گئے ہیں۔

حلقہ ایل اے 25 نیلم 1 میں پیپلز پارٹی کے میاں عبد الوحید، مسلم لیگ ن آزادکشمیر کے شاہ غلام قادر اور استحکام پاکستان پارٹی کے سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس کے درمیان مقابلہ متوقع ہے۔

حلقہ ایل اے 26 نیلم 2 میں بھی پیپلز پارٹی کے میاں عبد الوحید، مسلم لیگ ن آزادکشمیر کے شاہ غلام قادر جبکہ استحکام پاکستان پارٹی کے ثقلین حیدر کاظمی انتخابی میدان میں ہیں۔

حلقہ ایل اے 27 مظفرآباد 1 میں پیپلز پارٹی کے سردار جاوید ایوب، مسلم لیگ ن کی نورین عارف اور استحکام پاکستان پارٹی کے سردار تبارک علی مد مقابل ہیں۔

حلقہ ایل اے 28 مظفرآباد 2 میں پیپلز پارٹی کے سید بازل علی نقوی، مسلم لیگ ن کے چوہدری شہزاد محمود جبکہ استحکام پاکستان پارٹی کی پروفیسر تقدیس گیلانی میدان میں ہیں۔

حلقہ ایل اے 29 مظفرآباد 3 میں مسلم لیگ ن کے بیرسٹر سید افتخار علی گیلانی اور پیپلز پارٹی کے سردار مختار احمد خان کے درمیان مقابلہ ہوگا۔

حلقہ ایل اے 30 مظفرآباد 4 میں مسلم لیگ ن کے ڈاکٹر مصطفیٰ بشیر عباسی اور پیپلز پارٹی کے مبشر منیر اعوان کے درمیان کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔

حلقہ ایل اے 31 مظفرآباد 5 میں پیپلز پارٹی کے چوہدری لطیف اکبر، مسلم لیگ ن کے ثاقب مجید راجہ جبکہ استحکام پاکستان پارٹی کے راجہ مظہر قیوم بھی میدان میں موجود ہیں۔

حلقہ ایل اے 32 مظفرآباد 6 چکار سے مسلم لیگ ن کے راجہ فاروق حیدر اور پیپلز پارٹی کے صاحبزادہ اشفاق ظفر مد مقابل ہیں جبکہ حلقہ ایل اے 33 مظفرآباد 7 لیپہ سے مسلم لیگ ن کے چوہدری محمد رشید اور پیپلز پارٹی کے دیوان علی خان چغتائی آمنے سامنے ہیں۔

الیکشن کمیشن کے فیصلے کے مطابق انتخابات کے دوسرے مرحلے میں 2 اگست کو مظفرآباد ڈویژن جبکہ 10 اگست کو پونچھ ڈویژن میں انتخابات ہوں گے، اس سلسلے میں تمام تر انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق مہاجرین جموں و کشمیر کی 12 انتخابی نشستوں کے لیے 1057 پولنگ سٹیشن اور 1829 پولنگ بوتھ جبکہ مظفرآباد ڈویژن کے 9 انتخابی حلقوں کے لیے 1483 پولنگ سٹیشن اور 2219 پولنگ بوتھ قائم کیے گئے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...