دہشتگردی کی منصوبہ بندی میں ملوث کالعدم تنظیم کے تین ملزمان کو 7، 7 سال قید کی سزا

اسلام آباد:(دنیا نیوز) انسدادِ دہشت گردی عدالت اسلام آباد نے دہشت گردی کی منصوبہ بندی میں ملوث کالعدم تنظیم کے تین ملزمان کو جرم ثابت ہونے پر 7، 7 سال قید اور پانچ، پانچ لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنا دی۔

 انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے فیصلے کا تحریری حکم نامہ بھی جاری کر دیا۔

عدالتی حکم نامے کے مطابق سزا پانے والے ملزمان حسن محمد، سلمان خان اور محمد دانش کے قبضے سے دھماکا خیز مواد، الیکٹرک ڈیٹونیٹر، سیفٹی وائرز، سات سلنڈر، نٹ، بولٹس، بال بیرنگ، کیلیں اور بغیر لائسنس تیس بور پستول برآمد ہوا۔

دوران پراسیکیوشن ملزمان کے قبضے سے کالعدم تنظیم طالبان کے جھنڈے، جعلی شناختی کارڈز، مختلف نقشے اور ایسے کارڈ بھی برآمد ہوئے جن کے ذریعے وہ خود کو خیبرپختونخوا پولیس کے افسر ظاہر کرتے تھے۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ ملزمان سے برآمد ہونے والا دھماکا خیز مواد اس امر کی نشاندہی کرتا ہے کہ ان کی نیت نقصان پہنچانے کی تھی۔

حکم نامے میں مزید کہا گیا کہ ملزمان نے کالعدم تنظیم کے ساتھ اپنے تعلقات کا اعتراف بھی کیا، جبکہ وہ اپنے خلاف غلط نامزدگی کے دعوے کو ثابت کرنے میں ناکام رہے۔

واضح رہے کہ تینوں ملزمان کو رواں سال اپریل میں خفیہ اطلاع پر اسلام آباد کے علاقے سنگجانی میں مویشی منڈی کے قریب کارروائی کے دوران گرفتار کیا گیا تھا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...