طالبان رجیم کی زیرِسرپرستی القاعدہ، فتنۃ الخوارج سمیت دہشتگرد تنظیمیں افغانستان میں سرگرم

کابل: (دنیا نیوز) افغانستان میں طالبان رجیم کی سرپرستی میں القاعدہ، فتنۃ الخوارج سمیت عالمی دہشت گرد تنظیمیں سرگرم ہیں۔

قابض طالبان رجیم افغانستان کوعالمی اورعلاقائی دہشت گردوں کی آماجگاہ بنا کرخطے کی سلامتی کو داؤ پرلگا رہی ہے، اقوام متحدہ کے سابق عہدیدارایڈمنڈ فٹن براؤن نے افغان طالبان، القاعدہ اورفتنۃ الخوارج کاسہ فریقہ اتحاد آشکارکردیا۔

افغان میڈیا آموٹی وی سے گفتگومیں اقوام متحدہ کی دہشتگردی سے متعلق پابندیوں کی نگرانی کرنے والی ٹیم کے سابق عہدیدارایڈمنڈ فٹن براؤن نے کہا کہ طالبان رجیم القاعدہ کوافغانستان میں محفوظ پناہ گاہیں، تربیت اور بھرتی کے مواقع فراہم کررہی ہے۔

ایڈمنڈ فٹن براؤن کے مطابق افغان طالبان القاعدہ اور فتنۃ الخوارج(ٹی ٹی پی) کو پاکستان میں سرحد پار حملوں کی اجازت دیتے ہیں، فتنۃ الخوارج، افغان طالبان اورالقاعدہ کے درمیان اتحاد قائم ہے، جوپاکستان کے اندر سرحد پار حملے کررہا ہے، افغانستان میں اسلامک موومنٹ آف ازبکستان، ترکستان اسلامک موومنٹ اورجماعت انصار اللہ جیسے شدت پسند گروہ بھی موجود ہیں۔

ایڈمنڈ فٹن براؤن نے کہا کہ افغان طالبان رجیم ان دہشتگرد گروہوں کو پڑوسی ممالک پر دباؤ بڑھانے اور سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرتی ہے، افغان طالبان رجیم کو دہشتگردی کیخلاف مغربی ممالک کا قابل اعتماد شراکت دار نہیں سمجھنا چاہیے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ افغان طالبان،القاعدہ اورفتنۃ الخوارج کی سرپرستی اورسرحد پارحملوں کی اجازت دے کرعالمی معاہدوں کی کھلی خلاف ورزی کررہےہیں، اقوام متحدہ کے سابق عہدیدار کا یہ بیان افغانستان میں دہشتگردوں کی موجودگی سے متعلق پاکستان کےاصولی مؤقف کی تائید ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...