سینئر وزیر مریم اورنگزیب کا میرپور کے بعد مظفرآباد ڈویژن کے عوام کا شکریہ
لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات مریم اورنگزیب نے آزاد جموں و کشمیر کی مہاجرین کی نشستوں پر میرپور ڈویژن کے بعد مظفرآباد ڈویژن میں پارٹی کی کامیابی پر ووٹرز کا شکریہ ادا کیا ہے۔
مریم اورنگزیب نے اسے مسلم لیگ (ن) کی قیادت اور کارکردگی پر عوام کے اعتماد کا اظہار قرار دیا ہے۔
اپنے بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ الحمدللہ، میرپور کے بعد مظفرآباد ڈویژن کے عوام نے ووٹ کی پرچی کے ذریعے قائد محمد نواز شریف کے بیانیے اور مسلم لیگ (ن) کی کارکردگی پر اعتماد کا اظہار کیا ہے، جس پر ہم ان کے شکر گزار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عوام نے کسی دباؤ، دھمکی یا مبینہ فراڈ کو خاطر میں لائے بغیر اپنے ووٹ کے ذریعے آزادانہ فیصلہ دیا، جو جمہوری عمل پر ان کے اعتماد کا مظہر ہے۔
مریم اورنگزیب کے مطابق پنجاب میں آزاد جموں و کشمیر کی مہاجرین کی دس نشستوں پر مسلم لیگ (ن) کی کامیابی وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی کارکردگی، عوامی خدمت اور محنت کا اعتراف ہے، انہوں نے کہا کہ پنجاب میں مقیم کشمیریوں نے اپنے ووٹ سے مسلم لیگ (ن) کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے قائد مسلم لیگ (ن) محمد نواز شریف، وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف پر اعتماد کرنے پر کشمیری مہاجرین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ حکومت بنتے ہی آزاد جموں و کشمیر میں بھی پاکستان اور پنجاب کی طرز پر ترقی اور عوامی خدمت کے نئے دور کا آغاز کیا جائے گا۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ پارٹی کو یقین ہے کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے پونچھ ڈویژن میں بھی مسلم لیگ (ن) کامیابی حاصل کرے گی، پارٹی انتخابی مہم کے لیے مکمل طور پر تیار ہے اور پونچھ ڈویژن کے عوام بھی ترقی کے نشان شیر پر مہر لگا کر مسلم لیگ (ن) کے حق میں فیصلہ دیں گے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments