مریم نواز کا پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ دفاعی معاہدے کا خیرمقدم

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان دفاعی معاہدے کا پرجوش خیرمقدم کرتے ہوئے اسے امت مسلمہ کی تاریخ کا فیصلہ کن موڑ قرار دیا ہے۔

مریم نواز شریف نے وزیراعظم شہباز شریف، سعودی ولی عہد محمد بن سلمان، صدر رجب طیب اردوان اور سپہ سالار فیلڈ مارشل عاصم منیر کی مسلم دنیا کے اتحاد کے لیے کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ آج مکہ مکرمہ کی مقدس سرزمین سے دنیا کو یہ پیغام ملا ہے کہ مسلم دنیا متحد ہے، مکہ مکرمہ کی چھاؤں تلے تین بڑی معاشی، عسکری اور سیاسی طاقتوں کا یکجا ہونا پوری امت کے لیے خوشخبری ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کا مشترکہ دفاعی معاہدہ عالم اسلام میں ایک نئے باب کا آغاز ہے، وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے سعودی اور ترک قیادت کے ساتھ مل کر قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ عالمی سطح پر مسلم اتحاد اور اجتماعی سلامتی کا علمبردار رہے گا، باہمی دفاعی معاہدے سے نہ صرف ہماری سرحدیں محفوظ ہوں گی بلکہ امت مسلمہ کا سر بھی فخر سے بلند ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کسی ایک ملک پر حملہ سب پر حملہ تصور ہوگا، مکہ دفاعی معاہدے نے اسلامی دنیا کے اتحاد پر مہر ثبت کر دی ہے، پاکستان ہمیشہ ایسے اقدامات کا خیرمقدم کرتا ہے جو مسلم دنیا کے اتحاد، اجتماعی سلامتی اور باہمی اعتماد کو مضبوط بنائیں۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...