پاکستان اور یورپی یونین کے پارلیمانی روابط کو مزید فروغ دینا ہو گا: ایاز صادق

اسلام آباد:(دنیا نیوز) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان پارلیمانی روابط کومزید فروغ دینا ہو گا۔

وفاقی دارالحکومت میں سردار ایاز صادق سے یورپی پارلیمنٹ کے رکن اوندرے دوستال کی پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات ہوئی جس میں پاکستان اور یورپی یونین کے باہمی تعلقات، پارلیمانی روابط اور اہم علاقائی و عالمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر اُنہوں نے کہا کہ پاکستان یورپی یونین کے ساتھ اپنے دوطرفہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان پارلیمانی روابط کو مزید مستحکم بنانے کی ضرورت ہے جب کہ باہمی تعاون کو مختلف شعبوں تک وسعت دینے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے سپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ یہ ایک عالمی چیلنج ہے جس سے نمٹنے کے لیے عالمی سطح پر مشترکہ اور مؤثر اقدامات کی ضرورت ہے۔

ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے، حالانکہ گرین ہاؤس گیسوں کے عالمی اخراج میں پاکستان کا حصہ نہایت معمولی ہے، قومی اسمبلی میں گرین پارلیمنٹ منصوبہ ماحولیاتی تحفظ اور قابلِ تجدید توانائی کے فروغ کے عزم کا عملی مظہر ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ موجودہ قومی اسمبلی نے قانون سازی، پارلیمانی اصلاحات اور عوامی اہمیت کے امور پر مؤثر پیش رفت کی ہے، ویمن پارلیمنٹری کاکس، چائلڈ پارلیمنٹری کاکس اور پائیدار ترقی کے اہداف (SDGs) سیکرٹریٹ کا قیام اہم پارلیمانی اقدامات ہیں، خواتین اور بچوں کے حقوق سمیت پائیدار ترقی کے اہداف کے حوالے سے پارلیمان کے کردار کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے۔

سپیکر قومی اسمبلی  نے کہا کہ اساتذہ کی تربیت، فنی و پیشہ ورانہ تعلیم اور دیگر شعبوں میں پنجاب کی پیش رفت قابلِ تحسین ہے، پاکستان کے پاس باصلاحیت اور ہنرمند افرادی قوت کا وسیع ذخیرہ موجود ہے جس سے یورپی یونین استفادہ کر سکتی ہے۔

ایاز صادق کا کہنا تھا کہ تعلیم، ہنرمند افرادی قوت، تربیت اور روزگار کے شعبوں میں پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں۔

علاقائی امن کے حوالے سے سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان کے امن کے قیام اور خطے میں استحکام کے لیے کردار کو عالمی برادری کی جانب سے سراہا جا رہا ہے۔

ایاز صادق کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے اور دنیا میں پائیدار امن اور استحکام کا خواہاں ہے اور تمام تنازعات کے پرامن حل کے لیے مذاکرات اور سفارتی ذرائع کو ترجیح دیتا ہے، ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کے خاتمے کے لیے پاکستان کا ثالثی کردار بھی امن کے فروغ کے عزم کا عکاس ہے۔

دوسری جانب یورپی پارلیمنٹ کے رکن اوندرے دوستال نے پاکستان کی علاقائی امن، پارلیمانی سفارت کاری اور بین الاقوامی تعاون کے لیے کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان دوستانہ اور باہمی احترام پر مبنی تعلقات انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔

انہوں نے پاکستان کے شمالی علاقہ جات کو قدرتی حسن سے مالا مال قرار دیتے ہوئے پاکستان کی خوبصورتی کو بھی سراہا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...