کینیڈا: جہاز میں شرارتی بچے کی موجودگی پر سٹاف پریشان، پرواز منسوخ
مونٹریال: (ویب ڈیسک) ایک شرارتی بچے نے اس جہاز کو اڑان بھرنے سے روک دیا جو ٹرمینل سے رن وے کی طرف روانہ ہو چکا تھا، اور حکام کو پرواز منسوخ کرنا پڑ گئی۔
کینیڈا کے خبر رساں ادارے سی بی سی کے مطابق واقعہ برٹش کولمبیا کے ایئرپورٹ پر پورٹر ایئرلائنز کے جہاز میں پیش آیا اور وہ پرواز ٹورانٹو کے لیے روانہ ہونے والی تھی، فلائٹ پی ڈی 444 میں اس وقت عجیب سی صورت حال پیدا ہو گئی جب ایک مسافر کے ساتھ آنے والے بچے نے بدمزگی پھیلا دی۔
پورٹر ایئر لائنز کے ترجمان کا کہنا ہے کہ بچے نے سیٹ بیلٹ باندھنے سے انکار کر دیا جبکہ سیٹ کے اوپر کھڑا رہا اور کوشش کے باوجود بھی عملہ اسے بیلٹ باندھنے اور نیچے بیٹھنے پر آمادہ نہ کر سکا۔
ان کا کہنا تھا کہ مسافروں کے سیٹیوں پر باندھنے اور بیلٹس باندھے بغیر جہاز کی پرواز غیر محفوظ تھی جبکہ عملے کو بھی ایسی ہدایات ہوتی ہیں کہ وہ ایسی کسی بھی صورت میں عملے کے انچارج کو مطلع کرے، اس کے بعد بھی بچے کے والدین کو سمجھانے کی کوشش کی گئی کہ وہ بچے کو محفوظ طور پر بٹھائیں تاہم وہ بھی کوشش کے باوجود ایسا نہ کر سکے۔
اس کے بعد عملے کے انچارج نے صورت حال سے ایئرلائنز کے اعلیٰ حکام کو مطلع کیا جس کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ طیارے کو اڑان نہیں بھرنی چاہئے، اس فیصلے سے کیپٹن سمیت دیگر عملے کو آگاہ کیا جس کے بعد اعلان کیا گیا کہ طیارے کو واپس ٹرمینل کی طرف لے جایا جا رہا ہے کیونکہ صورت حال محفوظ نہیں۔
اس پر بعض مسافروں نے ناراضی کا اظہار بھی کیا تاہم جہاز کو موڑ لیا گیا اور پرواز منسوخ کر دی گئی۔
ترجمان نے واقعہ سے متاثر ہونے والے مسافروں سے معذرت طلب کی اور کہا کہ اب وہ کل روانہ ہو سکیں گے کیونکہ وکٹوریہ کے ہوائی اڈے کا رن وے ساڑھے 12 بجے بند ہو جاتا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments