سکیورٹی خدشات، ٹرمپ کے گالف کلب میں فضائی دفاعی نظام تعینات

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی ویب سائٹ کے مطابق ڈرون اور میزائل حملوں کے ممکنہ خطرے کے پیش نظر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے نیو جرسی میں واقع گالف کلب پر فضائی دفاعی نظام تعینات کردیا گیا۔

امریکی دفاعی نیوز ویب سائٹ دی وار زون کے مطابق نیو جرسی کے علاقے بیڈمنسٹر میں واقع ٹرمپ کے گالف کلب کی ایسی ویڈیوز اور تصاویر سامنے آئی ہیں جن میں صدر ٹرمپ کے گالف کھیلنے کے دوران وہاں فضائی دفاعی نظام موجود دکھائی دے رہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق یہ ویڈیوز اور تصاویر گزشتہ اتوار کی ہیں، جب ٹرمپ نیو جرسی میں اپنے گالف کورس پر گالف بیڈمنسٹر ٹورنامنٹ کے فائنل راؤنڈ میں موجود تھے۔

دی وار زون کے مطابق ٹرمپ کو گالف کلب میں دکھانے والی ویڈیو کے پس منظر میں مختصر فاصلے تک مار کرنے والا فضائی دفاعی نظام ایونجر نظر آ رہا ہے، جبکہ دیگر فوٹیجز میں سینٹینل فضائی دفاعی ریڈار بھی دیکھا جاسکتا ہے۔ ویب سائٹ کے مطابق وائٹ ہاؤس نے فوٹیجز کے اصلی ہونے کی تصدیق کی ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ٹرمپ کی سکیورٹی سے متعلق خدشات اس وقت مزید نمایاں ہوئے جب اتوار کو ان کی موجودگی میں نارتھ امریکن ایرو اسپیس ڈیفنس کمانڈ (نورَیڈ) کے ایف سولہ لڑاکا طیاروں نے گالف کلب کے گرد عائد عارضی نو فلائی زون میں داخل ہونے والے 2 سویلین طیاروں کو روک لیا۔

نارتھ امریکن ایرو اسپیس ڈیفنس کمانڈ نے ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ دونوں طیاروں کو بحفاظت ممنوعہ فضائی حدود سے باہر لے جایا گیا، جبکہ پائلٹوں پر زور دیا گیا کہ ہر پرواز سے قبل نوٹم کا لازمی جائزہ لیا کریں۔

فوکس نیوز کے مطابق دونوں طیاروں کو ٹرمپ کے نجی گالف کلب کے قریب روکا گیا، جہاں امریکی صدر نے ہفتے کے آخر کی تعطیلات گزاری تھیں۔

اس سے قبل یکم اگست کو وائٹ ہاؤس حکام نے ایک ویڈیو بھی شیئر کی تھی جس میں ٹرمپ بیڈمنسٹر میں فوجیوں سے گفتگو کر رہے تھے اور پس منظر میں ایونجر فضائی دفاعی نظام موجود تھا۔

اس موقع پر ٹرمپ نے مذاقاً کہا کہ انہیں میزائلوں اور ڈرونز کی فکر نہیں ہے۔ ایک اہلکار نے مسکراتے ہوئے اپنے دائیں ہاتھ کا انگوٹھا کندھے کے اوپر سے پیچھے موجود فضائی دفاعی نظام کی جانب کرتے ہوئے جواب دیا کہ ’’ہم نے اس کا انتظام کر رکھا ہے۔‘‘ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...