ایل اے-17 حویلی کا حتمی نتیجہ جاری نہ ہوسکا، پولنگ بیگز مرکزی دفتر مظفرآباد طلب

مظفرآباد: (محمد اسلم میر) آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن نے حلقہ ایل اے-17 حویلی کے پولنگ بیگز ہنگامی بنیادوں پر مرکزی دفتر مظفرآباد طلب کر لیے، تاہم حلقے کا حتمی نتیجہ تاحال جاری نہیں کیا جا سکا۔

سخت سکیورٹی میں ووٹوں سے بھرے پولنگ بیگز حویلی سے براستہ باغ مظفرآباد پہنچائے جا رہے ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق ایل اے-17 حویلی کے پولنگ بیگز کو محفوظ رکھنے اور کسی بھی ممکنہ نقصان سے بچانے کے لیے انہیں مرکزی دفتر منتقل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

حلقے کے انتخابی نتیجے میں تاخیر کے باعث سیاسی کشیدگی بڑھ گئی ہے، دونوں امیدوار اپنی اپنی کامیابی کے دعوے کر رہے ہیں۔

پیپلز پارٹی کے امیدوار فیصل ممتاز راٹھور نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے 31 ہزار 839 ووٹ حاصل کیے ہیں اور وہ حلقے سے کامیاب ہو چکے ہیں۔

دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کے امیدوار محسن عزیز کا کہنا ہے کہ وہ 6 ہزار ووٹوں کی برتری سے کامیاب ہو چکے ہیں، تاہم ان کے بقول نتائج میں مبینہ ردوبدل کے ذریعے انہیں شکست خوردہ امیدوار کے طور پر پیش کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر نے انتخابی نتائج پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ پارٹی امیدوار محسن عزیز کے ساتھ بڑی ناانصافی کی گئی اور جعلی نتائج تیار کرکے انہیں ان کے جائز حق سے محروم کرنے کی کوشش کی گئی۔

شاہ غلام قادر نے کہا کہ مبینہ طور پر نتائج میں ردوبدل کے باعث مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں اور حامیوں میں شدید اشتعال پایا جاتا ہے، تاہم محسن عزیز کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے حامیوں کو پرامن رکھیں اور کسی بھی قسم کی امن و امان کی صورتحال پیدا نہ ہونے دیں۔

انہوں نے کہا کہ محسن عزیز اپنے جائز حق کے حصول کے لیے تمام قانونی ذرائع استعمال کریں، امید ہے الیکشن کمیشن کسی خوف یا دباؤ کے بغیر آئین، قانون اور عوامی مینڈیٹ کے مطابق معاملے کو حل کرے گا اور مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کو انصاف فراہم کیا جائے گا۔

لیگی صدر نے کہا کہ انتخابی عمل اور عوامی مینڈیٹ کا تحفظ الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے، نتائج سے متعلق اٹھائے گئے اعتراضات کا شفاف اور غیر جانب دارانہ جائزہ لیا جانا چاہیے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...