پراسکیوٹر جنرل پنجاب کا چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کے حکم پر عملدرآمد شروع
لاہور: (محمد اشفاق) پراسکیوٹر جنرل پنجاب عرفان صادق تارڑ نے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عالیہ نیلم کے احکامات پر عمل درآمد شروع کر دیا۔
میڈیکو لیگل سرٹیفکیٹس کے مسائل کے حل اور متاثرین کو بروقت انصاف کی فراہمی کیلئے اہم اجلاس ہوا جس کی صدارت پراسکیوٹر جنرل پنجاب عرفان صادق تارڑ نے کی، جس میں محکمہ پولیس، محکمہ ہیلتھ کیئر اینڈ سپیشل ایجوکیشن، سرجن میڈیکو لیگل اور محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
ڈائریکٹر ایڈمن پراسکیوٹر جنرل پنجاب آفس محمد ارشد علی فاروقی بھی اجلاس میں موجود تھے۔
اجلاس میں دور دراز علاقوں میں شہریوں کو میڈیکو لیگل سرٹیفکیٹس کے حصول میں پیش آنے والی مشکلات، طبی معائنے کے بعد فائنل ڈیکلریشن کے مسائل اور میڈیکو لیگل نظام میں موجود دیگر رکاوٹوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
پراسکیوٹر جنرل پنجاب عرفان صادق تارڑ نے کہا کہ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عالیہ نیلم کے ویژن کے مطابق متاثرین کو بروقت انصاف کی فراہمی کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں، پولیس، محکمہ صحت اور دیگر متعلقہ ادارے باہمی مشاورت سے میڈیکو لیگل نظام سے متعلق مسائل کا قابل عمل اور مستقل حل تلاش کریں۔
عرفان صادق تارڑ کا کہنا ہے کہ میڈیکو لیگل سرٹیفکیٹ فوجداری مقدمات میں شواہد اور تفتیش کا اہم جزو ہے، جبکہ سرٹیفکیٹ کے اجرا اور فائنل ڈیکلریشن کے عمل میں غیر ضروری تاخیر انصاف کی فراہمی کو متاثر کرسکتی ہے۔
پراسکیوٹر جنرل پنجاب نے کہا کہ دور دراز علاقوں میں شہریوں کو درپیش مشکلات کے ازالے کیلئے مؤثر اقدامات ناگزیر ہیں، متعلقہ محکموں کے درمیان بہتر کوآرڈینیشن سے میڈیکو لیگل نظام کو مزید بہتر بنایا جاسکتا ہے۔
اجلاس میں متعلقہ محکموں کو باہمی رابطہ کاری کے ذریعے میڈیکو لیگل سرٹیفکیٹس کے اجراء اور فائنل ڈیکلریشن سے متعلق مسائل کے مستقل حل کیلئے اقدامات جاری رکھنے پر زور دیا گیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments