بھارتی فوج کی جانب سے کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کی حمایت، گٹھ جوڑ دوبارہ بے نقاب
مظفرآباد:(دنیا نیوز) آزاد کشمیر کے امن، استحکام اور کشمیری عوام کے حقوق کے خلاف سرگرم کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کا ریاست مخالف ایجنڈا ایک بار پھر کھل کر سامنے آ گیا۔
ذرائع کے مطابق غیور کشمیری عوام کی جانب سے مذکورہ کمیٹی کے بیانیے کو مسترد کیے جانے کے بعد بھارت نے مبینہ طور پر اس کی حمایت میں کھل کر اقدامات شروع کر دیے ہیں۔
بھارتی میڈیا پر کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کے مؤقف کی تشہیر کے بعد قابض بھارتی فوج نے بھی پاکستان مخالف جذبات ابھارنے کے لیے لائن آف کنٹرول کے قریب کیرن سیکٹر میں بڑی سکرین پر کمیٹی اور اس کے سرغنہ امان کی حمایت میں ویڈیوز چلائیں۔
ذرائع نے بتایا 13 اور 14 اگست، یومِ آزادی پاکستان کے موقع پر، ایل او سی سے تقریباً 75 میٹر کے فاصلے پر کیرن سیکٹر میں یہ ویڈیوز سکرینوں پر چلائی گئیں، سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیوز میں بھارتی فوج کی جانب سے بڑی سکرین پر کالعدم کمیٹی کے حوالے سے مواد چلتا دکھائی دے رہا ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق بھارت کی جانب سے کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کے بیانیے کو نمایاں کرنا اس امر کا ثبوت ہے کہ دونوں کے مفادات ایک نقطے پر جمع ہو رہے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر کے عوام نے پاکستان کا یومِ آزادی بھرپور جوش و خروش سے منا کر بھارت مخالف اور پاکستان دشمن بیانیے کو مسترد کردیا، جس کے بعد بھارت بوکھلاہٹ اور مایوسی کا شکار دکھائی دیتا ہے۔
ماہرین نے کہا کہ ایل او سی کے قریب کالعدم کمیٹی کی ویڈیوز چلانا محض اتفاق نہیں بلکہ پاکستان مخالف جذبات کو ہوا دینے کی ایک کوشش ہے۔
اُن کے بقول بھارت کا یہ اقدام خود اس کے اور کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کے مبینہ گٹھ جوڑ کو مزید نمایاں کرتا ہے اور اس نوعیت کی اشتعال انگیز سرگرمیاں خطے کے امن کے لیے بھی نقصان دہ ہیں۔
تجزیہ کاروں کا کہنا تھا کہ کشمیری عوام کی جانب سے ایسے بیانیے کو مسترد کیے جانے کے بعد بھارت کا ایل او سی کے قریب اس نوعیت کا مواد نشر کرنا اس کی بے چینی اور ناکامی کی عکاسی کرتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کسی بھی ریاست کو اپنے سیاسی مقاصد کے لیے مقامی گروہوں کے متنازع بیانیے کو استعمال کرنے کے بجائے خطے میں امن اور عوامی حقوق کے لیے مثبت کردار ادا کرنا چاہیے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments