شیخ حسینہ کی حوالگی تک وزیراعظم بھارت کا دورہ نہیں کریں گے: بنگلادیش

ڈھاکا: (دنیا نیوز) بنگلادیش نے واضح کیا ہے کہ جب تک بھارت سابق وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کو بنگلادیش کے حوالے نہیں کرتا، وزیراعظم طارق رحمان بھارت کا دورہ نہیں کریں گے۔

2024 میں عوامی انقلاب کے بعد اُس وقت کی بنگلادیشی وزیراعظم شیخ حسینہ بھارت فرار ہوگئی تھیں، جس کے بعد دونوں ممالک کے تعلقات شدید کشیدگی کا شکار ہیں۔

انسانیت کے خلاف جرائم میں مجرم قرار دیے جانے کے بعد شیخ حسینہ کو بنگلادیش میں سزائے موت کا سامنا ہے، جبکہ بنگلادیشی حکومت ان کی حوالگی کے لیے بھارت سے متعدد مرتبہ باضابطہ درخواست کرچکی ہے۔

غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بنگلادیشی وزارت خارجہ کے عہدیدار اے کے ایم شاہد الکریم نے وزیراعظم طارق رحمان کے آئندہ ہفتے بھارت کے ممکنہ دورے سے متعلق قیاس آرائیوں کو مسترد کردیا۔

اے کے ایم شاہد الکریم نے کہا کہ بنگلادیش کا ماننا ہے کہ وزیراعظم کے بھارت دورے کے لیے پہلے ایک سازگار ماحول پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے حصول کے لیے بھارتی حکام پر زور دیا گیا ہے کہ وہ شیخ حسینہ اور دیگر مفرور ملزمان کی حوالگی کے لیے اپنی کوششیں تیز کریں۔

دوسری جانب بھارت کا مؤقف ہے کہ بنگلادیش کی جانب سے شیخ حسینہ کی حوالگی کی درخواست کا قانونی طریقہ کار کے تحت جائزہ لیا جا رہا ہے اور معاملہ فی الحال زیرِ غور ہے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...