گوگل کا نیا فیچر، نینو بنانا کی تصاویر اور ویڈیوز سے واٹر مارک ہٹانا ممکن

کیلی فورنیا:(دنیا نیوز) گوگل نے اپنے مصنوعی ذہانت (اے آئی) ٹولز میں تیار کردہ تصاویر اور ویڈیوز سے نمایاں واٹر مارک ہٹانے کے لیے نیا آپشن متعارف کرانے کا اعلان کردیا۔

گوگل کا نینو بنانا (Nano Banana) امیج جنریٹر اے آئی سے تصاویر تیار کرنے کے لیے تیزی سے مقبول ہو رہا ہے، تاہم تصاویر کے نچلے دائیں کونے میں نمایاں واٹر مارک صارفین کے لیے ایک اہم مسئلہ سمجھا جاتا ہے۔

اب گوگل کی جانب سےجیمنائی (Gemini) اور فلو (Flow) میں ایک نئی سیٹنگ متعارف کرائی جا رہی ہے، جس کے ذریعے صارفین نینو بنانا سے تیار کردہ تصاویر میں موجود نمایاں واٹر مارک ہٹا سکیں گے، یہی سہولت گوگل سرچ کے ’اے آئی موڈ‘ میں بھی دستیاب ہوگی۔

صرف تصاویر ہی نہیں بلکہ جیمنائی اومنی (Gemini Omni) سے تیار کردہ ویڈیوز کے نمایاں واٹر مارکس کو بھی اس فیچر کے ذریعے ہٹایا جا سکے گا۔

گوگل کمپنی نے بتایا کہ جن ممالک میں اے آئی سے تیار کردہ مواد پر واضح واٹر مارک برقرار رکھنے کے حوالے سے قانونی تقاضے موجود ہیں، وہاں صارفین کو یہ سہولت فراہم نہیں کی جائے گی۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ نئی سیٹنگ کے ذریعے صرف واضح اور نظر آنے والا واٹر مارک ہٹایا جا سکے گا جب کہ تصاویر اور ویڈیوز میں موجود ’نادیدہ یا ڈیجیٹل واٹر مارک‘ بدستور برقرار رہے گا، اس اقدام کا مقصد اے آئی سے تیار کردہ مواد کی شناخت اور اس کی اصل کو برقرار رکھنا ہے۔

گوگل کا یہ نیا فیچر صارفین کو اے آئی سے تیار کردہ تصاویر اور ویڈیوز کے استعمال میں مزید سہولت فراہم کرے گا، تاہم اس کی دستیابی مختلف ممالک میں مقامی قوانین اور ضوابط کے مطابق ہوگی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...