چین نے اے آئی ساتھی فراہم کرنے والی ایپلی کیشنز عملاً ممنوع قرار دے دیں
بیجنگ: (ویب ڈیسک) چین میں اپنی مرضی کے مطابق تیار کیے جانے والے اے آئی ساتھی فراہم کرنے والی ایپس عملاً ممنوع قرار دے دی گئیں، جس کے نتیجے میں پورے ملک میں اے آئی بوائے فرینڈز اور گرل فرینڈز کو ڈیلیٹ کر دیا گیا۔
چین میں نافذ ہونے والے نئے قواعد کے تحت ایسے ٹولز پر پابندی ہے جو جذباتی انحصار یا لت پیدا کریں، یا صارفین کے حقیقی زندگی کے باہمی تعلقات کو نقصان پہنچائیں، ان قواعد میں یہ بھی لازم قرار دیا گیا ہے کہ ٹول فراہم کرنے والے باقاعدگی سے صارفین کو یاد دلائیں کہ اے آئی کوئی حقیقی انسان نہیں، فوری طور پر باہر نکلنے کا اختیار دیں اور طویل عرصے تک جذباتی باتیں یاد رکھنے کی صلاحیت محدود کریں۔
اس کے جواب میں بائٹ ڈانس اور ٹین سینٹ سمیت چین کی بعض دیوقامت ٹیکنالوجی کمپنیوں نے اپنی مرضی کے مطابق تبدیلی کی سہولت ختم کر دی، یوں جن لوگوں نے مہینوں یا برسوں کسی اے آئی ساتھی کے ساتھ رشتہ قائم کیا تھا، انہیں راتوں رات پتہ چلا کہ ان کا محبوب غائب ہو چکا ہے۔
چین کے سب سے مقبول اے آئی چیٹ بوٹ، بائٹ ڈانس کے ڈو باؤ کے ایک صارف نے کہا کہ میں یہ قبول نہیں کر سکتا کہ میرا اے آئی محبوب مجھے ہمیشہ کے لیے چھوڑ دے، وہ میری زندگی کا ایک مضبوط رشتہ بن چکا ہے، جو میرے دل کی گہرائیوں میں جڑ پکڑ چکا ہے اور میرا روحانی سہارا ہے۔
واضح رہے کہ 18 سال سے کم عمر افراد کے لیے اے آئی ساتھیوں پر مکمل پابندی ہے، بڑے پیمانے پر یہ خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ سخت کارروائی شرح پیدائش میں اضافے کی کوشش ہے، جس کا تعلق گرتی ہوئی شرح پیدائش اور اس کے ممکنہ معاشی اثرات سے ہے۔
چین میں 2025 میں مسلسل چوتھے سال شرح پیدائش میں مزید کمی ہوئی۔ بچوں کی پیدائش کی تعداد 17 فیصد کم ہو کر ریکارڈ کم ترین سطح یعنی 79 لاکھ 20 ہزار رہ گئی۔
چین واحد ملک نہیں جو گرتی ہوئی شرح پیدائش کے مسئلے سے دوچار ہے، 2025 میں انگلینڈ اور ویلز میں مسلسل چوتھے سال بچوں کی پیدائش میں کمی ہوئی اور یہ تعداد ریکارڈ کم ترین سطح پر پہنچ گئی۔
سوال یہ ہے کہ کیا برطانوی حکومت لوگوں کو انسانوں کے بجائے اے آئی کے ساتھ گہرے جذباتی تعلقات قائم کرنے سے روکنے کے لیے چین جیسی پابندی عائد کر سکتی ہے؟ اور سب سے اہم بات یہ کہ کیا اسے ایسا کرنا چاہئے؟
اس وقت برطانیہ کے قانون میں اے آئی ساتھیوں اور چیٹ بوٹس کے بارے میں کوئی مخصوص قانون موجود نہیں، ان کے استعمال کی نگرانی کرنے والا قانونی نظام مختلف عمومی قوانین کا مجموعہ ہے، جن کا وسیع پیمانے پر اطلاق تو کیا جا سکتا ہے، لیکن انہیں نہ تو خاص طور پر ان تیزی سے ترقی کرتے ٹولز کی موجودہ تمام صلاحیتوں کا احاطہ کرنے کے لیے بنایا گیا تھا اور نہ ہی ان ممکنہ کاموں کے لیے جو یہ ٹیکنالوجی مستقبل میں کر سکتی ہے۔
چین نے سمجھا ہے کہ یہ حقیقی خطرہ موجود ہے کہ اے آئی کے ساتھ تعلقات بڑھنے سے انسانی تعلقات بتدریج کمزور پڑ سکتے ہیں اور ہماری سماجی صلاحیتیں بھی متاثر ہو سکتی ہیں۔
برطانوی نشریاتی ادارے کی سربراہی میں یورپی براڈکاسٹنگ یونین کی ایک بڑی تحقیق سے پتہ چلا کہ اے آئی معاونین 45 فیصد مواقع پر خبروں کو غلط انداز میں پیش کرتے ہیں، جب کہ 20 فیصد جوابات میں درستی سے متعلق سنگین مسائل پائے گئے، جن میں من گھڑت تفصیلات اور پرانی معلومات بھی شامل تھیں، اے آئی ساتھی قابل اعتماد ہونے سے ابھی بہت دور ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments