میر رضا قتل کیس: قبر کشائی کے نمونوں کی جانچ مکمل، لیب کی رپورٹ جاری، پولیس کو فراہم
کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں نوجوان میر رضا قتل کیس کی تحقیقات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔
قبر کشائی کے دوران لئے گئے نمونوں کی کیمیکل ایگزامن رپورٹ پولیس کو فراہم کردی گئی جبکہ میر رضا کے ہاتھوں، سینے اور کمر سے گن شارٹ ریزیڈیو ملنے کا انکشاف ہوا ہے، دوسری جانب قتل کی تحقیقات میں مالی معاملات بھی اہم رخ اختیار کرگئے ہیں۔
میر رضا قتل کیس میں تفتیش کا دائرہ مالی معاملات اور فرانزک شواہد تک پھیل گیا، تفتیشی ذرائع کے مطابق قرض کی واپسی کے لئے تین سے چار افراد نے میر رضا سے رابطہ کیا تھا جبکہ بعض افراد نے 25 لاکھ اور بعض نے 50 لاکھ روپے کی رقم کا مطالبہ کیا۔
قرض داروں نے میر رضا کے بزنس پارٹنر محمد احمد سے بھی رابطہ کیا جن سے تفتیشی ٹیم نے تقریباً تین گھنٹے پوچھ گچھ کی، پولیس قرض کی واپسی کا مطالبہ کرنے والے افراد کے کردار کا جائزہ لے رہی ہے جبکہ مزید افراد کو شاملِ تفتیش کئے جانے کا امکان ہے۔
تفتیشی ذرائع کے مطابق جامعہ کراچی کی کیمیکل ایگزامن لیب میں ہونے والی جانچ کے دوران چار نمونوں کا نتیجہ حاصل ہوسکا جبکہ دیگر نمونے ضائع ہوگئے۔
ادھر 29 جولائی کو جائے وقوعہ پر پولیس اور ایمبولینس کی آمد سے متعلق سی سی ٹی وی فوٹیجز بھی تحقیقات کا حصہ ہیں، تفتیشی ذرائع کے مطابق مالی نے 11 بج کر 52 منٹ پر لاش دیکھی اور پولیس کو اطلاع دی۔
پہلے دو پولیس اہلکار موٹرسائیکل پر پہنچے بعد ازاں پولیس موبائل موقع پر پہنچی جبکہ ایمبولینس 12 بجکر 50 منٹ پر پہنچی اور ایک بجکر 45 منٹ پر لاش لے کر روانہ ہوئی۔
پولیس گھر سے جائے وقوعہ تک مزید سی سی ٹی وی فوٹیجز اور اردگرد موجود وائس ریکارڈڈ کیمروں کی ریکارڈنگ بھی حاصل کر رہی ہے، جن میں فائرنگ کی ممکنہ آواز تلاش کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments