محکمہ داخلہ پنجاب نے تمام اسلحہ ڈیلرز کی ڈیجیٹل انوینٹری لازم قرار دیدی
لاہور: (دنیا نیوز) محکمہ داخلہ پنجاب نے صوبے بھر کے تمام اسلحہ ڈیلرز کیلئے ڈیجیٹل انوینٹری لازمی قرار دیتے ہوئے موجودہ سٹاک اور خرید و فروخت کا مکمل ریکارڈ آن لائن پورٹل پر درج کرنے کی ہدایت کر دی۔
ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق پنجاب میں بزنس آرمز لائسنس (BAL) ہولڈرز کیلئے انوینٹری ماڈیول نافذ کر دیا گیا ہے، اب ہر اسلحہ ڈیلر کو اپنے پاس موجود بندوقوں، گولیوں اور دیگر متعلقہ سٹاک کی مکمل تفصیلات محکمہ داخلہ کے آن لائن پورٹل پر درج کرنا ہوں گی، جبکہ خرید و فروخت کا ریکارڈ بھی آن لائن اپ ڈیٹ کیا جائے گا۔
محکمہ داخلہ نے اسلحہ ڈیلرز کے موجودہ سٹاک کی آن لائن انوینٹری مکمل کرنے کیلئے 26 اگست 2026 کی ڈیڈ لائن مقرر کی ہے، ڈیلرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ مقررہ تاریخ تک اپنے تمام موجودہ سٹاک کا مکمل اندراج یقینی بنائیں۔
ترجمان کے مطابق تمام ڈپٹی کمشنرز کو ان کے متعلقہ اضلاع کے اسلحہ ڈیلرز کی تفصیلات ارسال کر دی گئی ہیں، ڈپٹی کمشنرز اس امر کو یقینی بنائیں گے کہ تمام ڈیلرز اپنے موجودہ اسٹاک کا ریکارڈ آن لائن پورٹل پر درج کریں اور بعد ازاں ریکارڈ اپ ڈیٹ ہونے کی رپورٹ محکمہ داخلہ پنجاب کو ارسال کریں۔
محکمہ داخلہ نے واضح کیا ہے کہ انوینٹری اپ لوڈ کرنے میں ناکام رہنے والے اسلحہ ڈیلرز کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جا سکتی ہے، قواعد کی خلاف ورزی کی صورت میں لائسنس کی معطلی، کاروبار سیل کرنے اور جرمانے سمیت قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔
دوسری جانب محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے اسلحہ ڈیلرز کو پنجاب آرمز لائسنس انوینٹری ماڈیول کے استعمال سے آگاہ کرنے کیلئے خصوصی تربیتی ورکشاپ بھی منعقد کی جا رہی ہے۔
ترجمان کے مطابق تربیتی ورکشاپ پیر 24 اگست کو صبح ساڑھے 10 بجے پنجاب فرانزک سائنس اتھارٹی آڈیٹوریم میں ہوگی، اسلحہ ڈیلرز متعلقہ ڈپٹی کمشنر آفس سے آن لائن بھی ورکشاپ میں شرکت کر سکیں گے، ورکشاپ کے دوران اسلحہ ڈیلرز کو آن لائن پورٹل کے استعمال، انوینٹری اپ لوڈ کرنے کے طریقہ کار اور دیگر امور سے متعلق آگاہی فراہم کی جائے گی، جبکہ انہیں اپنے مسائل اور سوالات پیش کرنے کا موقع بھی دیا جائے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments