وزیراعظم سے شامی وزیر خارجہ کی ملاقات، دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلامی جمہوریہ شام کے وزیر خارجہ اسعد حسن الشیبانی نے وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور شام کی تعمیرِ نو سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم نے شامی وزیر خارجہ اور ان کے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے صدر احمد الشرع کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور اپنی حالیہ ملاقاتوں کا بھی ذکر کیا۔

شہباز شریف نے شام کی خودمختاری، اتحاد اور علاقائی سالمیت کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان گولان کی پہاڑیوں کے معاملے پر شام کے مؤقف کی بھرپور حمایت کرے گا۔

وزیراعظم نے پاکستان اور شام کے تاریخی اور گہرے دوستانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات کو سیاسی، دفاعی، تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم اور انسانی وسائل کی ترقی سمیت مختلف شعبوں میں عملی تعاون میں تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور شام کے درمیان براہِ راست پروازوں کی بحالی سے عوامی روابط میں اضافہ ہوگا اور پاکستان سے شام جانے والے زائرین کو بھی سہولت ملے گی۔

شامی وزیر خارجہ نے صدر احمد الشرع کی جانب سے وزیراعظم شہباز شریف کے لیے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا اور وزیراعظم کو شام کی سیاسی صورتحال اور تعمیرِ نو کی کوششوں سے آگاہ کیا۔

اسعد حسن الشیبانی نے شام کے لیے پاکستان کی مسلسل حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ شامی حکومت پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے میں گہری دلچسپی رکھتی ہے۔ انہوں نے تعاون کے لیے جلد باقاعدہ ادارہ جاتی طریقہ کار وضع کرنے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے صدر احمد الشرع کو پاکستان کے سرکاری دورے کی دعوت بھی دی۔

ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وزیراعظم کے معاون خصوصی سید طارق فاطمی اور سیکریٹری خارجہ سفیر آمنہ بلوچ بھی موجود تھیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...