ماسکو کے قریب اہم پلانٹ پر 35 ڈرونز سے حملے کی مبینہ سازش، 8 افراد گرفتار
ماسکو: (شاہد گھمن) روس کی فیڈرل سکیورٹی سروس نے ماسکو ریجن میں ایک اہم تنصیب پر 35 ایف پی وی ڈرونز کے ذریعے مبینہ دہشت گرد حملے کی سازش کے الزام میں 8 افراد کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
روسی فیڈرل سکیورٹی سروس کے مطابق گرفتار افراد میں مبینہ حملے کی سازش میں شامل مرکزی ملزم اور اس کے سات ساتھی شامل ہیں، ایف ایس بی کا کہنا ہے کہ گرفتاری کے دوران ایک ملزم نے مسلح مزاحمت کی جسے کارروائی کے دوران ہلاک کر دیا گیا۔
ایف ایس بی کے مطابق گزشتہ ماہ ماسکو ریجن کے ایک رہائشی علاقے میں واقع اہم دفاعی پلانٹ پر 35 ایف پی وی ڈرونز کے ذریعے حملے کی کوشش ناکام بنائی گئی تھی، روسی سکیورٹی ادارے کا دعویٰ ہے کہ ڈرونز میں طاقتور دھماکا خیز مواد نصب کیا گیا تھا۔
روسی سکیورٹی ادارے نے الزام عائد کیا ہے کہ اس منصوبے کے پیچھے یوکرین کی سکیورٹی سروس ایس بی یو تھی اور ڈرونز کو سلوواکیہ سے پولینڈ اور بیلاروس کے راستے روس پہنچایا گیا تھا۔
ایف ایس بی کے مطابق ڈرونز کو ایک کرائے کے ہینگر سے لانچ کرنے کا منصوبہ بنایا گیا تھا، جسے دو مالدووا کے شہریوں نے مبینہ طور پر تیار کیا تھا، روسی حکام کا کہنا ہے کہ دونوں افراد بعد میں روس سے فرار ہوگئے۔
روسی سکیورٹی ادارے کے مطابق حملے کے لیے لایا گیا دھماکا خیز مواد مرکزی ملزم نے وصول کیا تھا، جسے گرفتاری کی کارروائی کے دوران ہلاک کر دیا گیا۔
ایف ایس بی نے مزید دعویٰ کیا کہ یوکرینی اور امریکی شہریت رکھنے والے ویڈیو بلاگر اور ریپر البرٹ واسیلیئف، جو کیف اسٹونر کے نام سے معروف ہیں، مبینہ حملے کی منصوبہ بندی اور دیگر افراد کے درمیان رابطہ کاری میں شامل تھے۔
روسی حکام کے مطابق واقعے سے متعلق فوجداری کارروائی جاری ہے اور گرفتار افراد سے مبینہ سازش کے مختلف پہلوؤں کے حوالے سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments