مریم نواز سے ڈی جی خان کے ارکان اسمبلی کی ملاقات، ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال
لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے ڈیرہ غازی خان کے ارکان صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی، جس میں سیاسی صورتحال، امن و امان اور عوامی مسائل سمیت حلقوں میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کرنے والوں میں احمد خان لغاری، علی احمد لغاری، اسامہ عبدالکریم، حنیف پتافی، اسامہ لغاری اور صلاح الدین خان شامل تھے، وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ارکان اسمبلی کو اپنے حلقوں میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی مانیٹرنگ یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
ارکان صوبائی اسمبلی نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو کامیاب دورہ چین پر مبارکباد دی اور ڈیرہ غازی خان میں الیکٹروبس سروس شروع کرانے پر خراج تحسین پیش کیا، ارکان اسمبلی نے کہا کہ ڈی جی خان میں الیکٹروبس سروس گیم چینجر منصوبہ ہے، ڈیرہ غازی خان کے عوام اس سروس کے اجراء پر وزیراعلیٰ کے ممنون ہیں۔
ارکان اسمبلی کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی موثر پالیسی کے تحت ڈیرہ غازی خان میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہو رہی ہے، جبکہ کچے کے علاقے میں پہلی بار امن و امان کی صورتحال میں بہتری پنجاب میں گڈ گورننس کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
اس موقع پر مریم نواز شریف نے کہا کہ دورہ چین کا مقصد پنجاب کو مصنوعی ذہانت کی دنیا کا ہب بنانا ہے۔ پنجاب میں بھی جلد چینی طرز پر کینسر اور دیگر امراض کی تشخیص کے لیے جدید طریقہ علاج متعارف کرایا جا رہا ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ ڈیرہ غازی خان میں الیکٹروبسوں سے عوام کو سفر کرتے دیکھ کر بہت خوشی ہوتی ہے۔ تاریخ میں پہلی بار لاہور کی طرز پر دیگر علاقوں میں بھی بڑے ترقیاتی منصوبے شروع کیے گئے ہیں۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ ڈیرہ غازی خان سمیت دیگر شہروں میں سڑکوں، ڈرینج، واٹر سپلائی اور بیوٹی فکیشن کے منصوبے جاری ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments