دبئی: گلوبل ہیلتھ کیئر اینڈ ویلنس ایوارڈز کی شاندار تقریب، ڈاکٹرز کو اعزازات سے نوازا گیا

دبئی: (سید مدثر خوشنود) دبئی میں گلوبل ہیلتھ کیئر اینڈ ویلنس ایوارڈ 2026 کی شاندار تقریب کوئین الزبتھ ٹو کروز شپ میں منعقد ہوئی، جس میں مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹرز، طبی ماہرین اور صحت و فلاح کے شعبے سے وابستہ نمایاں شخصیات کو ان کی خدمات پر خراجِ تحسین پیش کیا گیا، تقریب میں ہیلتھ کیئر، ویلنس اور انسانی خدمت کے شعبوں میں نمایاں کردار ادا کرنے والی شخصیات کو اعزازات سے نوازا گیا۔

ایوارڈز میں پاکستانی ڈاکٹرز اور پاکستانی کمیونٹی سے تعلق رکھنے والی طبی شخصیات کی خدمات کو بھی خصوصی طور پر سراہا گیا، جسے یو اے ای میں مقیم پاکستانی پروفیشنلز کے لیے اہم اعتراف قرار دیا جا رہا ہے، شرکا کے مطابق بیرونِ ملک پاکستانی ڈاکٹرز علاج معالجے، کمیونٹی سروس اور انسانی خدمت کے ذریعے نہ صرف یو اے ای کے ہیلتھ سیکٹر میں مثبت کردار ادا کر رہے ہیں بلکہ پاکستان کا روشن تشخص بھی اجاگر کر رہے ہیں۔

تقریب کے روحِ رواں ڈاکٹر سید ایچ اے جوہر تھے، جنہوں نے گلوبل ہیلتھ کیئر اینڈ ویلنس ایوارڈز کو طبی شعبے سے وابستہ محنتی اور قابل شخصیات کے اعتراف کا مؤثر پلیٹ فارم قرار دیا، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر سید ایچ اے جوہر نے کہا کہ اس ایوارڈ کا مقصد ڈاکٹرز، ہیلتھ کیئر پروفیشنلز اور انسانی خدمت سے وابستہ افراد کی خدمات کو عالمی سطح پر تسلیم کرنا اور ان کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔

تقریب کے انتظامی امور فیصل امین کی نگرانی میں انجام دیے گئے، مہمانِ خصوصی معروف اماراتی بزنس لیڈر اور سابق پولیس افسر میجر عمر المزروئی تھے، جبکہ احمد صالح اور ڈاکٹر حافظ محمد ادریس نے بطور مہمانانِ اعزاز شرکت کی، اس موقع پر مختلف کیٹیگریز میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے ڈاکٹرز، ہیلتھ کیئر پروفیشنلز اور ویلنس سیکٹر سے وابستہ افراد کو ایوارڈز پیش کیے گئے۔

شرکا نے اس اقدام کو طبی شعبے سے وابستہ شخصیات کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا، تقریب میں اس بات پر زور دیا گیا کہ ڈاکٹرز اور ہیلتھ کیئر پروفیشنلز کی خدمات کا اعتراف معاشرے میں صحت، فلاح اور انسانی خدمت کے جذبے کو مزید مضبوط بناتا ہے، دبئی ایک بار پھر عالمی طبی برادری کے لیے تعاون، اعتراف اور مثبت رابطوں کا اہم مرکز بن کر سامنے آیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...