کوہ پیما ماؤنٹ ایورسٹ کے گلیئشرز کو پگھلانے کا باعث بن رہے ہیں، حیران کن انتباہ

تبت: (دنیا نیوز) ماحولیات کے تحقیق کاروں نے حال ہی میں ایک حیران کن انتباہ جاری کیا ہے کہ کوہ پیما ماؤنٹ ایورسٹ کے گلیئشرز کو پگھلانے کا باعث بن رہے ہیں اور اس کی وجہ سے شدید خطرات لاحق ہیں۔

ریسرچ جرنل ریجنل انوائرنمنٹل چینج میں شائع ہونے والے تحقیق میں ماؤنٹ ایورسٹ کے نیپال میں واقع بیس کیمپ کے علاقے کھمبو گلیشرز کا تجزیہ کیا گیا ہے اور اس کے نتائج میں بتایا گیا ہے کہ بیس کیمپ میں جلائے جانے والے ایندھن اور گلیشئرز پر براہ راست پیشاب سالانہ 2500 ٹن برف اور گلیشئرز پگھلنے کا باعث بن رہا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ گرمیوں کے موسم میں چوٹی سر کرنے کے دوران ہزاروں کوہ پیما، گائیڈز اور کیمپ پر دیگر عملہ موجود ہوتا ہے، جس کے باعث سیاحوں کی بستی قائم ہوتی ہے، جس میں ایسپریسو کیفے، لارج سکرین ٹی وی، ہائی سپیڈ انٹرنیٹ، گرم شاورز اور گرم ٹینٹ لگائے جاتے ہیں۔

تحقیق میں انکشاف کیا گیا ہے کہ صرف 2023 میں گرمیوں کے موسم میں 50 روز کے دوران کھانا پکانے، گرم رہنے اور بجلی کی ضروریات کے لیے ایل پی جی گیس کے 824 کنستر، 18 ہزار 935 لیٹر مٹی کا تیل، 5 ہزار 130 لیٹر پٹرول استعمال کیا گیا۔

اسی طرح انسانی پیشاب (یورین) سمیت مجموعی طور پر خارج ہونے والی حرارت 8 لاکھ 49 ہزار 174 میگاجولز بنتی ہے جو ایک اندازے کے مطابق دو ہزار 492 ٹن گلیشئرز اور برف پگھلانے کے لیے کافی ہوتا ہے، اس میں غلطی کے ممکنہ تناسب کو مثنظر رکھتے ہوئے 1964 سے 3 ہزار 20 ٹن مقدار ہوسکتی ہے، اتنی مقدار میں پانی ایک اولمپک سائز کے سوئمنگ پول بھرنے کے لیے کافی ہوسکتا ہے یا تقریباً 83 ٹینکر ٹرک یا 16 ہزار 700 عام سائز کے باتھ ٹب کے برابر ہوسکتا ہے۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ انسانی پیشاب اپنی نوعیت میں مخصوص حرارت پیدا کرنے کے ذریعے میں تبدیل ہوجاتا ہے، کوہ پیماؤں اور گائیڈز انتہائی بلندی میں ڈی ہائیڈریشن سے بچنے کے لیے بڑی مقدار میں پانی پیتے ہیں اور سب ملا کر روزانہ 6 ہزار لیٹر پیشاب خارج کرتے ہیں۔

تحقیق کاروں نے بتایا کہ ایورسٹ سے سخت فضلہ جمع کرکے نیچے لے جایا جاتا ہے، تاہم پیشاب کی بڑی مقدار براہِ راست گلیشیئر پر جذب ہوجاتی ہے اور اندازہ ہے کہ صرف پیشاب سے پیدا ہونے والی حرارت ایک ہی سیزن کے دوران تقریباً 154 ٹن برف پگھلا سکتی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...