نئی دہلی میں ہاسٹل کی عمارت منہدم، 3 افراد ہلاک، 50 سے زائد ملبے تلے دب گئے
نئی دہلی: (دنیا نیوز) بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں ہاسٹل کی خستہ حال عمارت منہدم ہونے سے 3 افراد ہلاک جبکہ 50 سے زائد افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کی اطلاعات ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق عمارت میں زیادہ تر طلبہ رہائش پذیر تھے، جبکہ ملبے تلے 25 سے 30 بچوں کے پھنسے ہونے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
ریسکیو ٹیموں نے کارروائی کرتے ہوئے 9 افراد کو ملبے سے نکال کر اسپتال منتقل کردیا، جبکہ بھاری مشینری کی مدد سے دیگر افراد کو نکالنے کی کوششیں جاری ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق منہدم ہونے والی خستہ حال عمارت تقریباً 50 سال پرانی تھی۔
متاثرین کے اہل خانہ نے الزام عائد کیا ہے کہ عمارت حکام کی نااہلی اور عدم توجہی کے باعث منہدم ہوئی۔
حادثے کے بعد ملحقہ عمارت کو بھی منہدم ہونے کے خدشے کے پیش نظر خالی کرا لیا گیا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments