پیٹرولیم ڈیلرز کا حکومتی ریلیف سکیم پر اعتراض، سستا پیٹرول دینے سے انکار
کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن (پی پی ڈی اے) نے حکومتی ریلیف سکیم کے طریقہ کار پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اسکیم کے تحت پیٹرول فراہم کرنے سے انکار کردیا۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وائس چیئرمین پی پی ڈی اے انوار کمال نے کہا کہ ریلیف سکیم کی تیاری میں ڈیلرز سے مشاورت نہیں کی گئی، جبکہ موجودہ طریقہ کار پر عمل درآمد بھی مشکل ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ عوام کو براہ راست اور آسان طریقے سے ریلیف فراہم کیا جائے، ان کا کہنا تھا کہ مہنگائی کے باعث ڈیلرز کا سرمایہ پہلے ہی متاثر ہے، جبکہ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے اربوں روپے کے واجبات بھی زیر التوا ہیں۔
انوار کمال نے کہا کہ ریلیف اسکیم کا مالی بوجھ ڈیلرز پر ڈالنا قابلِ عمل نہیں، ڈیلرز اپنے مارجن میں اضافے کا مطالبہ کرتے ہیں، انہوں نے واضح کیا کہ حکومت کی موجودہ ریلیف اسکیم کے تحت ڈیلرز پیٹرول فراہم نہیں کریں گے۔
وائس چیئرمین پی پی ڈی اے کا کہنا تھا کہ سستے پیٹرول کی رقم حکومت ڈیلرز کو کس طریقہ کار کے تحت ادا کرے گی؟ حکومت سے تین روز سے رابطہ کیا جا رہا ہے، تاہم تاحال کوئی جواب نہیں ملا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments