ایندھن سبسڈی، قومی سٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس، فیول ریلیف سکیم پر عملدرآمد کا جائزہ
اسلام آباد: (دنیا نیوز) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت ایندھن سبسڈی کے متعلق قومی سٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں وزیراعظم کی خصوصی فیول ریلیف سکیم پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ ملک بھر میں ایندھن کے بیشتر سٹیشنز اب سسٹم پر فعال ہو چکے ہیں، ملک بھر میں ایس ایم ایس کے ذریعے 9771 پر رجسٹریشن کا عمل جاری ہے۔
اجلاس میں انٹرنیٹ کی سہولت سے محروم علاقوں میں قائم ایندھن سٹیشنز کے لیے ایس ایم ایس کے ذریعے فیول ٹوکنز ریڈیم کرنے کی منظوری دی گئی، آزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان اور صوبے انٹرنیٹ سے محروم سٹیشنز کی فہرستیں فراہم کریں گے۔
سٹیٹ بینک کی جانب سے بریفنگ میں بتایا گیا کہ گزشتہ تین روز کے دوران موصول ہونے والے تمام ادائیگی کے دعوے مکمل طور پر نمٹا دیے گئے ہیں۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے ہدایت کی کہ ہر کھلے اور فعال فیول سٹیشن کو سسٹم میں شامل کیا جائے، مستقل طور پر بند سٹیشنز یا صرف ڈیزل فروخت کرنے والے سٹیشنز کو خارج کیا جائے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ ریلیف بلا رکاوٹ مستحق افراد تک پہنچنا چاہیے، انہوں نے صوبائی انتظامیہ اور سٹیٹ بینک کی کاوشوں کو سراہا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments