آبنائے ہرمز میں 4 تجارتی جہازوں پر حملے، عالمی توانائی بحران کا خدشہ
تہران: (دنیا نیوز) آبنائے ہرمز میں جہازرانی معمول پر آنے کے بجائے مزید متاثر ہونے لگی، جس سے تیل و گیس کی قلت اور قیمتوں میں اضافے کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔
برطانوی میری ٹائم ادارے یوکے ایم ٹی او کے مطابق 29 ستمبر کو آبنائے ہرمز میں 3 تجارتی بحری جہاز نامعلوم سمت سے آنے والے گولہ نما حملوں کی زد میں آئے، جن میں ایک خام تیل بردار، ایک مائع قدرتی گیس (ایل این جی) بردار اور ایک دیگر بحری جہاز شامل تھا۔
یوکے ایم ٹی او کے مطابق 28 ستمبر کو ایل این جی سے بھرے ایک اور ٹینکر کو بھی پروجیکٹائل سے نشانہ بنایا گیا، جس کی اطلاع 30 ستمبر کو سامنے آئی۔
برطانوی ادارے نے بتایا کہ خام تیل بردار جہاز کے بائیں جانب نامعلوم گولہ لگا، تاہم واقعے میں جانی نقصان یا نقصان کی مکمل تفصیلات تاحال سامنے نہیں آئی ہیں اور تحقیقات جاری ہیں۔
یوں سامنے آنے والی اطلاعات کے مطابق مجموعی طور پر 4 تجارتی بحری جہازوں کو نشانہ بنایا گیا ہے، جن میں تیل اور گیس لے جانے والے بڑے جہاز بھی شامل ہیں۔
یوکے ایم ٹی او کے مطابق دستیاب معلومات سے یہ ثابت نہیں ہوا کہ حملوں میں میزائل، ڈرون یا کسی مخصوص نوعیت کا ہتھیار استعمال کیا گیا۔ کسی گروہ نے بھی تاحال ان واقعات کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔
واضح رہے کہ آبنائے ہرمز عالمی توانائی کی ترسیل کا اہم ترین راستہ ہے، اس لیے ان واقعات کے باعث خطے میں تجارتی جہازرانی کی سلامتی اور عالمی تیل و گیس کی سپلائی سے متعلق خدشات میں اضافہ ہوا ہے۔
یوکے ایم ٹی او نے آبنائے ہرمز سے گزرنے والے بحری جہازوں کو محتاط رہنے اور کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی فوری اطلاع دینے کی ہدایت کی ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments