معاشی چیلنجز کو مدنظر رکھ کر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے: وزیراعظم

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ معیشت کیلئے وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے ملکر مشکل حالات میں کام کیا، ہمارے زرمبادلہ کے ذخائر 21 ارب ڈالر تک پہنچ چکے ہیں، روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس بہتر ہوئے ہیں، ایکسپورٹ گروتھ دکھانا ہو گی۔

پاکستان سٹاک ایکسچینج کے ٹریڈنگ ہال میں منعقدہ تقریب سے ویڈیو لنک خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اگر ہم اپنی غلطیوں کو ٹھیک نہیں کریں گے تو ترقی نہیں کر سکتے، معاشی چیلنجز کو مدنظر رکھ کر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے، پاکستان کو اس کے اصل مقام پر لانا ہے، انشاء اللہ دنیا کے نقشے پر پاکستان طاقتور معیشت کے طور پر سامنے آئے گا۔

انہوں نے کہا کہ یہ تقریب نیا ناظم آباد اپارٹمنٹ ریٹ کی پبلک لسٹنگ اور عوام کی جانب سے شاندار ردعمل کی مناسبت سے منعقد کی گئی، وزیر اعظم نے بطور مہمانِ خصوصی تقریب میں ورچوئل شرکت کی جبکہ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے تقریب میں ذاتی طور پر شرکت کی، تقریب میں سٹیٹ بینک کے گورنر جمیل احمد اور سکیورٹی ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کے چیئرمین بھی موجود تھے۔

وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ کسی کانام نہیں لینا چاہتا، انہیں سونے کے چنے کھلائے گئے لیکن کارکردگی نہیں دکھائی، انڈسٹریز کو خون پسینے کی کمائی سے سبسڈی دی لیکن آج ان کا کیا حال ہے؟

انہوں نے کہا کہ میں امریکا اور برطانیہ کے دورے سے واپس آیا ہوں، نامور بینکرز اور دیگر بینکرز نے ملاقاتوں کے دوران کہا کہ کامیاب سفارتکاری سے سرمایہ کاری کی راہیں کھولی گئیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ نیا ناظم آباد اپارٹمنٹ ریٹ سٹرکچر کا منصوبہ قابل تعریف ہے، کراچی میں خاص طور پر تعمیراتی سیکٹر ترقی کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور مسلح افواج کے نمائندوں کی کوششوں سے پاکستان خطے میں ایک مثال بن کر ابھرا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ چیئرمین نیب نے زمینیں واگزار کرا کر ریکوری کی ہے، چیئرمین نیب اور ان کی ٹیم کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...