سندھ حکومت کا 15 اکتوبر سے سرکاری گندم جاری کرنے کا فیصلہ

کراچی: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے آٹے کی قیمتیں مستحکم کرنے اور گندم کی دستیابی یقینی بنانے کے لیے 15 اکتوبر سے سرکاری گندم جاری کرنے کی منظوری دے دی۔

وزیراعلیٰ سندھ کی زیر صدارت اعلیٰ سطح اجلاس میں صوبائی وزراء مکیش کمار چاولہ، جام خان شورو اور مخدوم محبوب الزمان، مشیر گیان چند اسرانی، چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ، سیکریٹری ٹو سی ایم آصف جمیل، سیکرٹری خوراک غلام عباس نائچ اور دیگر نے شرکت کی۔

اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ کو گندم کے ذخائر کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی، محکمہ خوراک کے مطابق صوبائی ذخائر میں اس وقت 3 لاکھ 46 ہزار 414 میٹرک ٹن گندم موجود ہے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ پاسکو سے ایک لاکھ 90 ہزار میٹرک ٹن جبکہ درآمد شدہ گندم سے 3 لاکھ میٹرک ٹن صوبائی ذخائر میں شامل ہوگی، جس کے بعد صوبے میں مجموعی طور پر 8 لاکھ 36 ہزار 414 میٹرک ٹن گندم دستیاب ہوگی۔

کراچی ڈویژن میں اس وقت ایک لاکھ 35 ہزار 948 میٹرک ٹن گندم موجود ہے، پاسکو اور درآمدی گندم کی آمد کے بعد کراچی ڈویژن میں ذخائر 5 لاکھ 65 ہزار 948 میٹرک ٹن ہوجائیں گے۔

بریفنگ کے مطابق پاسکو ذخائر سے حیدرآباد ریجن کے لیے 30 ہزار میٹرک ٹن، جبکہ میرپورخاص اور شہید بینظیرآباد ریجنز کے لیے 60 ہزار میٹرک ٹن گندم مختص کی گئی ہے۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ گزشتہ سال سندھ میں مارکیٹ کے لیے 9 لاکھ 74 ہزار 982 میٹرک ٹن گندم جاری کی گئی تھی، اضافی گندم کے ذخائر سے مارکیٹ میں رسد بہتر ہونے اور قیمتوں کے اتار چڑھاؤ پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔

اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ کراچی کی اوپن مارکیٹ میں گندم 13 ہزار 200 روپے فی 100 کلو گرام میں فروخت ہورہی ہے جبکہ ریٹیل آٹے کی قیمت 165 سے 170 روپے فی کلو گرام تک پہنچ گئی ہے۔ یکم اکتوبر کو کراچی میں گندم 12 ہزار 400 روپے فی 100 کلو گرام جبکہ آٹے کی قیمت 160 سے 165 روپے فی کلو گرام تھی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے 100 کلو گرام گندم کی بوری 12 ہزار 500 روپے میں جاری کرنے کی منظوری دیتے ہوئے کہا کہ گندم کے اجرا کا مقصد آٹے کی قیمتیں مستحکم کرنا اور صارفین کو ریلیف دینا ہے۔

سید مراد علی شاہ نے ہدایت کی کہ گندم اجرا کے بعد مارکیٹ کے رجحانات پر کڑی نظر رکھی جائے اور حکومتی اقدام کا فائدہ آٹے کی کم قیمتوں کی صورت میں صارفین تک پہنچایا جائے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ہماری حکومت کا مقصد گندم کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانا ہے، حکومت قیمتوں میں استحکام اور صارفین کو آٹے کی قیمتوں میں اضافے سے تحفظ دینا چاہتی ہے۔

انہوں نے مارکیٹ میں گندم کی دستیابی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...