دبئی میں او بی ایس گلوبل کی افتتاحی تقریب، عالمی کاروباری روابط کے نئے دور کا آغاز
دبئی: (سید مدثر خوشنود) دبئی میں او بی ایس گلوبل کے زیرِ اہتمام ون بزنس سیزن کی شاندار افتتاحی تقریب منعقد ہوئی، جس میں 103 مختلف قومیتوں سے تعلق رکھنے والے نمائندوں نے شرکت کرکے بین الاقوامی یکجہتی، کاروباری تعاون اور ثقافتی ہم آہنگی کی منفرد مثال قائم کی۔
تقریب کی نمایاں خصوصیت 103 قومیتوں کے نمائندوں کی جانب سے بیک وقت افتتاحی فیتہ کاٹنا تھا، جسے منتظمین نے عالمی ریکارڈ نوعیت کا تاریخی لمحہ قرار دیا۔
افتتاحی تقریب میں شیخ عبدالحکیم المکتوم نے خصوصی شرکت کی اور مختلف ممالک کے نمائندوں کے ہمراہ بیک وقت فیتہ کاٹ کر ون بزنس سیزن کا باقاعدہ آغاز کیا، اس موقع پر مختلف قومیتوں کے افراد کی ایک ہی پلیٹ فارم پر موجودگی نے دبئی کی عالمی شناخت اور مختلف ثقافتوں کو یکجا کرنے کی صلاحیت کو اجاگر کیا۔
تقریب کے دوران کیک کاٹنے کی خصوصی رسم، منفرد انداز میں گھوڑے کی پیشکش، ثقافتی و تفریحی پروگرام اور اعزازی تقریب کا بھی اہتمام کیا گیا۔
مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات اور تقریب کے انعقاد میں کردار ادا کرنے والی شخصیات کو اعزازات سے نوازا گیا، جبکہ شرکا نے کاروباری روابط، بین الاقوامی تعاون اور مستقبل میں مشترکہ سرگرمیوں کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔
منتظمین کے مطابق او بی ایس گلوبل کے قیام کا مقصد مختلف ممالک کے کاروباری رہنماؤں، سرمایہ کاروں، نئے کاروبار شروع کرنے والوں اور کمیونٹیز کو ایک مشترکہ پلیٹ فارم پر متحد کرنا ہے، تاکہ سرحدوں سے بالاتر ہوکر باہمی روابط، تجربات کے تبادلے اور تعاون کے نئے مواقع پیدا کیے جا سکیں۔
تقریب میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں نے مختلف شخصیات کے انٹرویوز کیے، جبکہ خصوصی میڈیا سرگرمیوں کے ذریعے افتتاحی تقریب کے اہم لمحات کو محفوظ کیا گیا، شرکا نے اس اقدام کو مختلف قومیتوں کے درمیان روابط بڑھانے اور مشترکہ ترقی کے تصور کو فروغ دینے کی کوشش قرار دیا۔
او بی ایس گلوبل کی افتتاحی تقریب نے دبئی میں بین الاقوامی کاروباری اور سماجی روابط کے ایک نئے سلسلے کا آغاز کیا، جس کا بنیادی پیغام مختلف ممالک اور ثقافتوں کو ایک دوسرے کے قریب لانا اور مشترکہ مواقع کی تلاش کو فروغ دینا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments