دبئی کے عالمی فیشن ریمپ پر پاکستانی روایتی ملبوسات کے رنگ نمایاں
دبئی: (سید مدثر خوشنود) دبئی میں منعقدہ انٹرنیشنل فیشن ویک اینڈ میں پاکستانی فیشن ڈیزائنرز نے روایتی اور جدید ملبوسات پیش کر کے پاکستان کی ثقافتی شناخت اور تخلیقی صلاحیتوں کو عالمی سطح پر اجاگر کیا۔
مختلف ممالک کے ڈیزائنرز کی شرکت سے منعقد ہونے والے فیشن شو میں پاکستانی شلوار قمیض، روایتی لباس اور جدید طرز کے ڈیزائنز بھی ریمپ پر پیش کیے گئے۔
فیشن شو میں پاکستانی ڈیزائنرز کی جانب سے مشرقی روایات اور جدید فیشن کے امتزاج پر مبنی ملبوسات متعارف کروائے گئے، پاکستانی فیشن سے وابستہ ایک نئے منصوبے کی پہلی بین الاقوامی رونمائی بھی تقریب کا حصہ رہی، جس کے ذریعے پاکستان کی فیشن انڈسٹری کو عالمی سطح پر متعارف کرانے کی کوشش کی گئی۔
لاہور سے آن لائن سرگرمیوں کا آغاز کرنے والے پاکستانی فیشن ڈیزائنرز نے اپنی پہلی باقاعدہ بین الاقوامی نمائش کے لیے دبئی کا انتخاب کیا، اس اقدام کا مقصد پاکستانی ملبوسات کی ثقافتی اہمیت کو نمایاں کرنے کے ساتھ نئے ڈیزائنرز کے لیے بین الاقوامی فیشن کی دنیا میں مواقع پیدا کرنا ہے۔
دنیا نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستانی فیشن ڈیزائنر سلحین نے کہا کہ ان کا خواب پاکستانی فیشن، خصوصاً شلوار قمیض اور روایتی ملبوسات کو عالمی سطح پر متعارف کرانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی ڈیزائنرز میں تخلیقی صلاحیتوں کی کمی نہیں، ضرورت اس بات کی ہے کہ انہیں بین الاقوامی پلیٹ فارمز پر اپنی صلاحیتیں پیش کرنے کے زیادہ مواقع فراہم کیے جائیں۔
دبئی میں پاکستانی فیشن ڈیزائنرز کی شرکت ثقافتی تبادلے اور پاکستان کی فیشن انڈسٹری کے بین الاقوامی روابط کو فروغ دینے کی ایک کوشش ہے۔
اس طرح کی نمائشیں پاکستانی روایتی ملبوسات کی پہچان بڑھانے اور نوجوان ڈیزائنرز کو عالمی فیشن کے رجحانات سے روشناس کرانے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments