عالمی منڈیوں میں اجناس کی قیمتوں میں رواں سال 23 فیصد اضافے کا امکان ہے: عالمی بینک

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) عالمی بینک کا کہنا ہے کہ عالمی منڈیوں میں اجناس کی قیمتوں میں رواں سال 23 فیصد اضافے کا امکان ہے۔

عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق عالمی بینک نے مشرق وسطیٰ میں جاری تنازعہ، توانائی کی فراہمی میں رکاوٹوں اور غذائی اجناس کی ترسیل متاثر ہونے کے باعث عالمی منڈیوں میں اجناس کی قیمتوں میں 2026ء کے دوران 23 فیصد اضافے کی پیش گوئی کی ہے، توانائی کی قیمتوں میں 32 فیصد اور غذائی اجناس کی قیمتوں میں 10 فیصد اضافے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

یہ بات عالمی بینک کی حالیہ کموڈٹی مارکیٹس آؤٹ لک رپورٹ میں کہی گئی ہے، رپورٹ کے مطابق برینٹ خام تیل کی اوسط قیمت 2025ء کے 69 ڈالر فی بیرل سے بڑھ کر 2026ء میں 91 ڈالر فی بیرل ہونے کی توقع ہے جبکہ 2027ء میں قیمت کم ہو کر 79 ڈالر فی بیرل رہنے کا امکان ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ عالمی سطح پر تیل کی پیداوار میں رواں سال 5.2 فیصد کمی متوقع ہے جو 2020ء کی عالمی کساد بازاری کے علاوہ چار دہائیوں سے زائد عرصے کی بڑی کمی ہوگی، کھاد کی قیمتوں میں 14 فیصد، دھاتوں کی قیمتوں میں 25 فیصد جبکہ قیمتی دھاتوں کی قیمتوں میں 40 فیصد اضافے کا امکان ہے۔

عالمی بینک کے مطابق مشرق وسطیٰ میں تنازع کی شدت بڑھنے، تیل کی رسد متاثر ہونے اور بحیرہ اسود کے راستے اناج کی ترسیل میں رکاوٹوں سے توانائی اور غذائی اجناس کی قیمتیں مزید بڑھ سکتی ہیں جس سے عالمی مہنگائی اور غذائی عدم تحفظ میں اضافہ اور مزید افراد کے انتہائی غربت کا شکار ہونے کا خدشہ ہے۔

عالمی بینک نے قیمتوں میں اضافے کے اثرات سے نمٹنے کے لئے اپنے موجودہ مالیاتی ذرائع کے تحت 50 سے 60 ارب ڈالر کی معاونت دستیاب کرنے کا اعلان کیا ہے جس میں 25 ارب ڈالر کی پیشگی طے شدہ مالی معاونت بھی شامل ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...