10 یورپی ممالک کا یوکرین کی حمایت میں پولینڈ میں مشترکہ فوجی مشقوں کا اعلان

پیرس: (ویب ڈیسک) 10 یورپی ممالک نے یوکرین کی حمایت میں پولینڈ میں مشترکہ فوجی مشقوں کا اعلان کر دیا۔

برطانیہ اور فرانس نے کہا ہے کہ یوکرین کی حمایت کے لیے قائم نئی کثیر القومی فورس کی پہلی فوجی مشقیں 9 تا 22 نومبر تک پولینڈ میں ہوں گی، جن میں 10 یورپی ممالک کے تقریباً 2,800 فوجی حصہ لیں گے۔

عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق فرانس کی وزارت دفاع کی جانب سے جاری مشترکہ بیان کے مطابق ’’کوالیتسا‘‘ (پولش زبان میں اتحاد) کے نام سے ہونے والی یہ مشقیں اس بات کا جائزہ لینے کا موقع فراہم کریں گی کہ جنگ کے خاتمے کے بعد مختلف ممالک کس رفتار اور موثر انداز میں بری، بحری اور فضائی افواج کو یوکرین کی معاونت کے لیے تعینات کر سکتے ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ برطانوی وزیر دفاع ویس سٹریٹنگ نے کہا کہ یہ کوئی فرضی منصوبہ نہیں بلکہ ایک حقیقی فورس ہے جو لڑائی ختم ہونے کے بعد یوکرین کی مدد کے لیے تیار ہے۔

یہ مشقیں 9 تا 22 نومبر تک یوکرین کی سرحد کے قریب جنوب مشرقی پولینڈ میں ہوں گی، ان میں حصہ لینے والے 2,800 فوجیوں میں سب سے بڑا دستہ فرانس کے 1,100 فوجیوں پر مشتمل ہوگا جبکہ برطانیہ 300 فوجی بھیجے گا۔

فرانسیسی جنرل آرمِل ڈیرو نے کہا کہ یہ مشقیں کثیر القومی فورس کی تیاری کے حوالے سے ایک اہم سنگ میل ہیں، کیونکہ ان کے ذریعے جنگ بندی کے بعد فورس کی فوری تعیناتی کی صلاحیت کا عملی مظاہرہ کیا جائے گا، وہ برطانوی لیفٹیننٹ جنرل ٹام بیٹ مین کے ساتھ ان مشقوں کی قیادت کریں گے۔

مشترکہ بیان کے مطابق بیلجیم، ایسٹونیا، جرمنی، فرانس، لتھوانیا، نیدرلینڈز، پولینڈ، سپین، سویڈن اور برطانیہ کے فوجی ان مشقوں میں حصہ لیں گے، زمینی اور فضائی کارروائیاں یوکرین کی سرحد سے تقریباً 100 کلومیٹر مغرب میں واقع قصبے نووا ڈیبا کے اطراف ہوں گی۔

برطانوی لیفٹیننٹ جنرل ٹام بیٹ مین نے واضح کیا کہ یہ فورس امن برقرار رکھنے یا جنگ بندی کی نگرانی کا مشن نہیں ہے اور نہ ہی اسے جارحانہ کارروائیوں کے لیے تیار کیا گیا ہے۔

اس کا مقصد یوکرین کی مسلح افواج کی بحالی میں معاونت اور انہیں مستقبل میں ممکنہ روسی جارحیت کی روک تھام اور ضرورت پڑنے پر دفاع کی صلاحیت فراہم کرنا ہے۔

فرانسیسی جنرل آرمِل ڈیرو نے کہا کہ ان مشقوں کا مقصد مختلف ممالک کی افواج کے درمیان ممکنہ انتظامی، لاجسٹک اور ثقافتی مسائل پر قابو پاتے ہوئے مشترکہ مشن کی تعیناتی کی تیاری کرنا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...