اسلام آباد ایئرپورٹ پر اسٹیٹ لاؤنج کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا
اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (پی اے اے) نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر نئے اسٹیٹ لاؤنج کی تعمیر کا آغاز کردیا، وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے مطابق اسلام آباد ایئرپورٹ پر نئے اسٹیٹ لاؤنج کی تعمیر کا مقصد عالمی معیار کی ریاستی مہمان نوازی کی سہولتیں فراہم کرنا اور غیر ملکی سربراہان مملکت سمیت اعلیٰ سطح کے وفود کے لیے پروٹوکول انتظامات کو مزید بہتر بنانا ہے۔
اس موقع پر وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے یادگاری تختی کی نقاب کشائی کی اور شجرکاری بھی کی۔
تقریب میں سیکرٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد علی، ڈائریکٹر جنرل پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی ایئر وائس مارشل شاہد افضال، چیف آپریٹنگ افسر اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ آفتاب گیلانی اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
پی اے اے کے مطابق نئے اسٹیٹ لاؤنج کی تعمیر اسلام آباد ایئرپورٹ پر ریاستی مہمان نوازی اور پروٹوکول کی سہولتوں کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی جانب اہم پیش رفت ہے۔
منصوبے کی تکمیل سے غیر ملکی سربراہان مملکت اور اعلیٰ سطح کے وفود کو بہتر سہولتیں میسر آئیں گی، جبکہ پاکستان آنے والے معزز مہمانوں کے استقبال اور میزبانی کے انتظامات بھی مزید مؤثر بنائے جا سکیں گے۔
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کا کہنا ہے کہ یہ اقدام ملک کے ہوائی اڈوں پر سہولتوں کو جدید بنانے اور بین الاقوامی معیار کے مطابق خدمات فراہم کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments