بال ٹیمپرنگ اسکینڈل پر ڈیوڈ وارنر کا بیان سامنے آگیا
سڈنی: (ویب ڈیسک) بال ٹیمپرنگ سینڈ پیپر سکینڈل پر عثمان خواجہ کے بعد سابق آسٹریلوی کھلاڑی ڈیوڈ وارنر نے بھی لب کشائی کر دی۔
ڈیوڈ وارنر نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر بال ٹیمپرنگ کے الزامات کے حوالے سے ویڈیو جاری کی ہے۔
اس سے قبل عثمان خواجہ نے اپنی آٹو بائیو گرافی صبر میں کیپ ٹاؤن ٹیسٹ کے بال ٹیمپرنگ اسکینڈل کے بارے میں لکھا تھا۔
عثمان خواجہ نے انکشاف کیا کہ بال ٹیمپرنگ کا ٹیم کے تمام کھلاڑیوں کو علم تھا۔
کرکٹ آسٹریلیا نے بال ٹیمپرنگ کے معاملے پر ڈیوڈ وارنر، کیمرون بینکرافٹ اور اسٹیو استمھ کو سزا دی تھی۔
ویڈیو میں ڈیوڈ وارنر نے عثما ن خواجہ کو بھرپور سپورٹ دینے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس معاملے پر بات کیے ہوئے کئی سال گزر گئے، میری پوری سپورٹ عثمان خواجہ کے ساتھ ہے۔
ڈیوڈ وارنر کا کہنا ہے کہ عثمان خواجہ جو آپ نے کیا اس پر میں آپ کا شکر گزار ہوں، آپ نے جو کہا وہ سو فیصد درست ہے، اب سب کو سچائی کا پتہ چل چکا ہے اور یہ باہر آ گیا ہے، لوگ اس کے بارے میں جاننا چاہتے تھے اور آپ نے آگے آ کر سب بتا دیا۔
انہوں نے کہا کہ عثمان خواجہ نے اس دن کے حوالے سے ایک ایک چیز بیان کی، شکریہ عثمان خواجہ، عثمان خواجہ کیمرون بینکرافٹ کے ساتھ بیٹھا تھا مگر ان کا انٹرویو نہیں کیا گیا، یہ کیسی تحقیقات تھیں، اس نے مجھے حیران کر دیا تھا۔
سابق آسٹریلوی کھلاڑی کا کہنا ہے کہ ہم یہاں کسی پر انگلی اٹھانے یا پرانے زخم کریدنے نہیں آئے بلکہ یہ احتساب اور شفافیت کی بات ہے، سچائی کو درست انداز میں جانچنے اور حقائق سامنے لانے کو یقینی بنانا ضروری ہے۔
وارنر نے کہا ہے کہ کسی ایک شخص پر تنقید کے بجائے تحقیقات کے ذمے داروں سے جواب طلب کیا جائے، گزشتہ 8 سالوں میں میڈیا پر بہت سی ایسی خبریں چلیں جو غلط تھیں، بہت سے ایسے لوگ ہیں جو خاموش رہے۔
ان کا کہنا ہے کہ گزشتہ چند دنوں سے اپنی بیٹیوں سے بات کر رہا تھا تاکہ انہیں بتا سکوں کہ اصل میں ہوا کیا تھا، یہ ایسا سوال تھا جس کے بارے میں ہر کوئی جاننا چاہتا تھا، عثمان خواجہ نے جو کہا وہ سو فیصد درست ہے، یہ میرے، کیمرون بینکرافٹ اور اسٹیو اسمتھ کی فیملی کے لیے مشکل وقت ہے مگر اس نے باہر آنا ہی تھا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments