فضائی آلودگی میں نمایاں کمی، لاہور کا ایئر کوالٹی انڈیکس 208 پرآ گیا: مریم اورنگزیب
لاہور:(دنیا نیوز) سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ لاہور کا ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) کم ہو کر 208 پر آ گیا ہے، سرحد پار دیوالی کی آتش بازی سے آنے والی آلودگی کے باوجود شہر میں فضائی معیار میں بہتری ریکارڈ کی جا رہی ہے۔
مریم اورنگزیب نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر اپنے بیان میں کہا کہ پنجاب حکومت کے اداروں کی مسلسل محنت، بہتر موسمی حالات، مؤثر سموگ کنٹرول آپریشنز، ہوا کی رفتار میں اضافے اور مسلسل فیلڈ مانیٹرنگ کے باعث فضائی آلودگی میں کمی آ رہی ہے۔ تمام متعلقہ ادارے فیلڈ میں متحرک ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ آج صبح 9 بجے سے اب تک سول سیکرٹریٹ کا ایئر کوالٹی انڈیکس 614 سے کم ہو کر 155، بیدیاں کا 746 سے 172، اپر مال کا 621 سے 177 اور پنجاب یونیورسٹی کا اے کیو آئی 768 سے کم ہو کر 181 پر آ گیا ہے۔
— Marriyum Aurangzeb (@Marriyum_A) November 9, 2026
سینئر صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ علامہ اقبال ٹاؤن میں فضائی آلودگی کی سطح میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی ہے جہاں اے کیو آئی 1063 سے کم ہو کر 207 پر آ گیا ہے۔
مریم اورنگزیب نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ حکومتی انفورسمنٹ اداروں کے نمائندوں سے بھرپور تعاون کریں اور محکمہ تحفظ ماحولیات (ای پی اے) کی جانب سے جاری کردہ ایڈوائزری پر عمل کریں۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ ماحولیاتی قوانین پر مؤثر عملدرآمد اور آلودگی کے تمام ذرائع پر قابو پانے کی کوششیں جاری رہیں گی، صاف اور صحت مند فضا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments