ایف بی آر کے اختیارات برقرار، ڈینٹل اور میڈیکل کالجز کی درخواستیں مسترد

اسلام آباد:(دنیا نیوز) اسلام آباد ہائی کورٹ نے انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 کے سیکشن 175 کے تحت ایف بی آر کے تحقیقاتی اور قانونی نفاذ کے اختیارات برقرار رکھتے ہوئے واٹم ڈینٹل کالج اور واٹم میڈیکل کالج کی درخواستیں مسترد کر دیں۔

عدالت نے قرار دیا ہے کہ ایف بی آر کو سیکشن 175 کے تحت کارروائی کے لیے پہلے سے اسیسمنٹ یا آڈٹ کارروائی کا زیر التوا ہونا ضروری نہیں۔

جسٹس راجہ انعام امین منہاس اور جسٹس شاہ رخ ارجمند پر مشتمل ڈویژن بینچ نے فیصلہ سنایا، واٹم ڈینٹل کالج اور واٹم میڈیکل کالج نے 11 دسمبر 2024 کو جاری کیے گئے انویسٹی گیشن اور وزٹ کے اجازت ناموں سمیت متعلقہ کارروائی کو عدالت میں چیلنج کیا تھا۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 کے سیکشن 175 کے تحت کارروائی کے لیے کسی سابقہ اسیسمنٹ یا آڈٹ کارروائی کا زیر التوا ہونا لازمی نہیں، وفاقی آئینی عدالت کے فیصلے کی روشنی میں بھی سیکشن 175 کے نفاذ کے لیے پرانی کارروائی کی شرط عائد نہیں ہوتی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے مزید قرار دیا کہ ایف بی آر کو سیکشن 175 کے تحت حاصل تمام اختیارات قانونی طور پر درست ہیں، ڈائریکٹوریٹ کے پاس انکم ٹیکس آرڈیننس کے تحت اسیسمنٹ کے اختیارات نہ ہونے سے اس کے تحقیقاتی اختیارات متاثر نہیں ہوتے۔

دوسری جانب عدالت نے ایف بی آر حکام کو قانون کے مطابق کارروائی جاری رکھنے کی ہدایت بھی کی۔

فیصلے میں لکھا گیا کہ واٹم ڈینٹل کالج کو ٹیکس سال 2020 سے 2023 کے دوران بینک اکاؤنٹس میں ایک ارب 53 لاکھ 54 ہزار 81 روپے موصول ہوئے، تاہم انکم ٹیکس ریٹرنز صفر جمع کرائے گئے۔

عدالت نے یہ بھی قرار دیا کہ پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) کی منظوری 50 بی ڈی ایس طلبہ کے لیے تھی، جبکہ واٹم سکول آف پیرامیڈکس ایک غیر ظاہر شدہ سرگرمی تھی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...